Friday, 29 November 2024


سندھ رینجرز کی طرف سے شہریوں کو خا ص ہدایت

ایمز ٹی وی(کراچی) ایڈیشنل آئی جی سندھ پولیس مشتاق مہر نے کہا ہے کہ محرم الحرام میں امن و امان کی صورتحال کو کنٹرول میں رکھنے کے لیے آج شام 6 بجے سے 11 محرم تک موٹر سائیکل کی ڈبل سواری پر پابندی عائد کر دی گئی ہے۔

تفصیلات کے مطابق سندھ پولیس کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے میں ایڈیشنل آئی جی نے ڈبل سواری پر پابندی لگانے کے حوالے سے کہا ہے کہ شہر قائد میں سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر ڈبل سواری پر پابندی عائد کی گئی ہے، جس کا اطلاق 8 اکتوبر کی شام 6 بجے سے 11 محرم 13 اکتوبر تک ہوگا۔

انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ امن و امان کی صورتحال کے پیش نظر انتظامیہ کے ساتھ تعاون کریں اور ڈبل سواری سے گریز کریں تاہم صحافیوں، عمر رسیدہ افراد، خواتین اور بچوں کو اس سے مستثنی قرار دیا گیا ہے۔

ترجمان سندھ نے ڈبل سواری کی خلاف ورزی کرنے والوں کو خبردار کیا ہے کہ اگر احکامات کی خلاف ورزی کی گئی تو قانون کے مطابق سخت سزا دی جائے گی۔

قبل ازیں شہر قائد کے مختلف علاقوں گلشن اقبال، گلستان جوہر اور شاہ فیصل میں فائرنگ کے واقعات پیش آئے، گلستان جوہر بلاک 8 میں پیش آنے والے فائرنگ کے مختلف واقعے میں پرائیوٹ اسکول مینجمنٹ ایسوسی ایشن کے جنرل سیکریٹری منصور صادق زیدی اور اُن کے بیٹے کو مجلس سے واپسی پر گھر کے قریب فائرنگ کا نشانہ بنایا گیا جس کے نتیجے میں وہ جاں بحق ہوگئے۔

علاوہ ازیں گلشن چورنگی کے قریب نامعلوم افراد کی جانب سے فائرنگ کی گئی جس کے نتیجے مین دو افراد زخمی ہوئے جنہیں طبی امداد کے لیے نجی اسپتال منتقل کردیا گیا جبکہ شاہ فیصل نمبر 4 میں فائرنگ کے واقعے میں دو افراد زخمی ہوئے تاہم فیڈرل بی ایریا میں نامعلوم افراد نے فائرنگ کر کے احمد علی نامی شخص کو قتل کیا۔

گلستان جوہر اور گلشن اقبال کے علاقوں میں فائرنگ کے واقعات پر آئی جی سندھ نے نوٹس لیتے ہوئے ڈی آئی جی ویسٹ سے رپورٹ طلب کی اور پولیس کو اگلے احکامات موصول ہونے تک ریڈ الرٹ رہنے کی ہدایت کی۔

آئی جی سندھ نے پولیس افسران کو مجالس اور جلوسوں میں فول پروف سیکیورٹی کے انتظامات بروئےکار لانے کے احکامات دیتے ہوئے واقع میں ملوث ملزمان کو فوری گرفتار کرنے کی ہدایت بھی کی۔

rp

علاوہ ازیں رینجرز نے شہر میں ہائی الرٹ جاری کرتے ہوئے شہریوں سے اپنے ہمراہ اصلی شناختی کارڈ ، موٹر سائیکل یا گاڑیوں کے کاغذات رکھنے کے احکامات جاری کیے ہیں۔

ترجمان سندھ رینجرز کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ ’’شہریوں کے شناختی کارڈ کی جانچ پڑتال ایک خاص مشین سے کی جائے گی جو نادرا کے ڈیٹا بیس سسٹم سے منسلک ہے‘‘۔ رینجرز کی جانب سے شہریوں سے اپنے اردگرد نظر رکھنے اور مشکوک سرگرمیوں کی اطلاع دینے کی اپیل بھی کی گئی ہے

Share this article

Leave a comment