Friday, 29 November 2024


ٹیلی کام کمپنیوں نے سال 2015-16 کے دوران 425.8ارب روپے کا ریونیو کمایا


ایمز ٹی وی (تجارت) پاکستان میں کام کرنے والی ٹیلی کام کمپنیوں نے سال 2015-16 کے دوران 425.8ارب روپے کا ریونیو کمایا جو 2014-15سے6.6ارب روپے زائد ہے، گزشتہ مالی سال ٹیلی کام کمپنیوں کو98.82ارب روپے تھری جی، فورجی اور ایل ٹی پر مشتمل موبائل ڈیٹا سروس کے ذریعے ملے۔

پی ٹی اے کی سالانہ رپورٹ برائے سال 2015-16کے مطابق 30جون 2016 تک ملک میں ٹیلی ڈینسٹی کی شرح 70.9فیصد رہی جو سال 2014-15 کے اختتام پر 62.8فیصد تھی، گزشتہ مالی سال ٹیلی کام کمپنیوں نے قومی خزانے میں157.8 ارب روپے کے محصولات جمع کرائے جو 2014-15 میں 126.26ارب روپے کے محصولات سے 31.59 ارب روپے زائد ہیں، 157.85ارب روپے کے محصولات میں 41.65 ارب روپے جنرل سیلز ٹیکس اور 34.1ارب روپے پی ٹی ڈپازٹس جبکہ 81.82ارب روپے دیگر متفرق ٹیکسوں کی مد میں ادا کیے گئے۔

سال 2015-16 کے دوران ٹیلی کام کمپنیوں کی سرمایہ کاری 71کروڑ 97 لاکھ ڈالر رہی جو 2014-15 میں 1ارب ڈالر سے تجاوز کر گئی تھی، گزشتہ مالی سال 21کروڑ 4 لاکھ ڈالر کی سرمایہ کاری ایف ڈی آئی کی شکل میں کی گئی جو اس عرصے میں 1.281ارب ڈالر کی پاکستان میں خالص ایف ڈی آئی کا 16.24فیصد ہے، سال 2015-16 کے اختتام تک موبائل فون سبسکرپشن کی تعداد 13روڑ 32لاکھ سے تجاوز کرگئی، موبائل براڈ بینڈ صارفین کی تعداد 2 کروڑ 95لاکھ 30ہزار تک پہنچ گئی جس سے ملک میں موبائل براڈ بینڈ کی شرح 8.97فیصد کے مقابلے میں 15.32فیصد کی سطح پر آگئی۔

رپورٹ کے مطابق ملکی آبادی کے 91فیصد افراد کے پاس موبائل فون کی سہولت موجود ہے، مجموعی آبادی میں سے 19فیصد گھرانوں میں کمپیوٹر استعمال کیا جاتا ہے، اسی طرح 24فیصد گھرانے انٹرنیٹ کا کنکشن استعمال کر رہے ہیں جبکہ انفرادی طور پر آبادی کا 18فیصد حصہ انٹرنیٹ استعمال کررہا ہے۔

Share this article

Leave a comment