Friday, 29 November 2024


یورپین یونین سے انخلا کے بعد برطانیہ کے معاشی مستقبل پر بے چینی چھاگئی

ایمز ٹی وی (تجارت) یورپین یونین سے انخلا کے بعد برطانیہ کے معاشی مستقبل پر چھائی بے یقینی کے باعث برطانوی پاؤنڈ کی قدر میں کمی کا سلسلہ جاری ہے جبکہ یورپین یونین کی غیرواضح اقتصادی صورتحال بھی یوروکرنسی کی قدر میں تنزلی کا باعث بن رہی ہے، روپے کے مقابل یورو اور پاؤنڈ کی قدر میں کمی سے یورپ کے لیے ایکسپورٹ متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔

واضح رہے کہ برطانوی عوام کے بریگزٹ ریفرنڈم میں انخلا کے حق میں فیصلہ دینے کے بعد یورپین یونین اوربرطانیہ کے درمیان لفاظی جنگ میں شدت اور یورپی ودیگرملکوں کے سرمایہ کاروں کی جانب سے برطانیہ میں اپنی جائیدادیں فروخت اورکاروبار منتقل کرنے جیسے عوامل مقامی اوپن کرنسی مارکیٹ میں بھی برطانوی پاؤنڈ کی قدرمیں نمایاں کمی کا سبب بن گئی ہے، ہفتہ کو اوپن کرنسی مارکیٹ میں روپے کی نسبت برطانوی پاؤنڈ کی قدر مزید25 پیسے کی کمی سے 130.50 روپے کی سطح پر آگئی ہے جبکہ یوروکرنسی کی قدر 1.20 روپے کی کمی سے116.80 روپے ہوگئی۔

اس ضمن میں فاریکس ایسوسی ایشن آف پاکستان کے چیئرمین ملک محمد بوستان نے بتایا کہ یورپین یونین سے انخلا کے فیصلے کے بعدبرطانیہ میں مقیم 12 لاکھ پاکستانیوں کی جانب سے بھی ترسیلات زر میں نمایاں کمی ہوئی ہے، یہی وجہ ہے کہ گزشتہ 3ماہ کے دوران برطانوی پاؤنڈ کی قدر میں مجموعی طور پر25 روپے کی کمی واقع ہوچکی ہے جو31 سال کی کم ترین سطح ہے اور مستقبل میں برطانوی پاؤنڈ کی قدر میں مزید کمی کے خدشات ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ برطانیہ سے پاکستان کے لیے صرف ماہانہ کچن ضروریات کے لیے انتہائی محدود پیمانے پر ترسیلات زر کی آمد ہورہی ہے۔

دوسری جانب یورپی یونین کے رکن ممالک میں بھی غیریقینی معاشی حالات کے باعث یوروکرنسی کی قدر میں مستقل کمی کا رحجان غالب ہے، پاکستان سے چونکہ ہوم ٹیکسٹائل کی وسیع مقدار یورپین یونین کے رکن ممالک کو برآمد ہوتی ہے لہٰذا یوروکرنسی کی قدر میں ہونے والی کمی کے براہ راست منفی اثرات پاکستانی برآمدکنندگان پرمرتب ہورہے ہیں

Share this article

Leave a comment