Friday, 29 November 2024


بھارت اپنی روش سے باز نہ آیا، ایک بار پھر کھیل دشمن بننے لگا

ایمز ٹی وی (کھیل) بھارتی حکومت کی جانب سے سفارتی سطح کے بعد کھیلوں پر اثرانداز ہونے کا سلسلہ جاری ہے، کبڈی کے بعد ساؤتھ ایشین جونیئر ایتھلیٹکس چیمپئن شپ میں شرکت کرنیوالی قومی جونیئر ایتھلیٹکس ٹیم کو ویزے دینے سے انکار کر دیا۔

ذمہ دار ذرائع کے مطابق بھارت کے شہر لکھنو میں 20اکتوبر سے شروع ہونیوالی تیسری ساؤتھ ایشین جونیئر اتھلیٹکس چیمپئن شپ میں پاکستان کے 8 گرلز اور 18بوائز ایتھلیٹس نے ایتھلیٹکس فیڈریشن آف پاکستان کے صدر میجر جنر (ر) اکرم ساہی کے ہمراہ ایونٹ میں شرکت کرنا تھا۔

ایتھلیٹکس فیڈریشن نے ویزوں کے حصول کیلیے بھارتی ہائی کمیشن میں درخواستیں جمع کروائیں تاہم بھارتی ہائی کمیشن نے پاکستانی پلیئرز کو انٹرنیشنل ایونٹ میں شرکت کیلیے ویزے دینے سے معذرت کر لی۔

اس ضمن میں ایتھلیٹکس فیڈریشن کے حکام نے تصدیق کی کہ جونیئر سیف ایتھلیٹکس چیمپئن شپ کی تیاریوں کیلیے اسلام آباد میں تربیتی کیمپ لگایا گیا تھا اور ایونٹ میں میڈلز کے حصول کیلیے بھی پرعزم تھے تاہم بھارتی ہائی کمیشن کے رویئے سے ہمیں مایوسی ہوئی ہے۔

Share this article

Leave a comment