Friday, 29 November 2024


جتنا مرضی اب اپنی مرضی سے ایندھن بنائیں اور استعمال کریں

ایمز ٹی وی (مانیٹرنگ ڈیسک) امریکی ماہرین نے فضا میں موجود کاربن ڈائی آکسائیڈ کو براہِ راست ایندھن میں تبدیل کرنے کا ایک آسان طریقہ دریافت کرلیا ہے۔ ’’کیمسٹری سلیکٹ‘‘ نامی ریسرچ جرنل میں شائع شدہ رپورٹ کے مطابق، اس طریقے کے تحت صرف ایک عمل انگیز (کیٹالسٹ) استعمال کرتے ہوئے کاربن ڈائی آکسائیڈ کو ’’ایتھانول‘‘ (ethanol) نامی ایندھن میں کامیابی سے تبدیل کیا گیا ہے۔ امریکی محکمہ توانائی کی اوک رِج نیشنل لیبارٹری میں ڈاکٹر یانگ سونگ کی سربراہی میں ماہرین کی ٹیم نے یہ عمل انگیز تیار کیا ہے جو کاربن، کاپر (تانبے) کے نینومیٹر جسامت والے ذرات (کاپر نینو پارٹیکلز) اور نائٹروجن پر مشتمل ہے۔ تجربات کے دوران سب سے پہلے پانی میں کاربن ڈائی آکسائیڈ حل کرنے کے ساتھ ساتھ مذکورہ عمل انگیز اس محلول میں شامل کردیا گیا۔

اس کے بعد جب اس پورے آمیزے میں سے صرف 1.2 وولٹ پر بجلی گزاری گئی تو عمل انگیز نے بڑی خوبی سے کاربن ڈائی آکسائیڈ کو براہِ راست ایتھانول میں تبدیل کردیا۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ اس عمل انگیز کی کارکردگی 63 فیصد رہی؛ جو تجرباتی پیمانے کے اعتبار سے زبردست ہے۔ اگرچہ اس سے پہلے بھی کاربن ڈائی آکسائیڈ کو ایتھانول یا دیگر اقسام کے ایندھنوں میں تبدیل کرنے کی کامیاب کوششیں کی جاچکی ہیں لیکن ان سب میں ایک سے زیادہ عمل انگیز درکار تھے جبکہ ان کی کارکردگی بھی کاربن، کاپر اور نائٹروجن پر مشتمل مذکورہ عمل انگیز کے مقابلے میں بہت کم تھی۔

سائنسدان اس کامیابی پر بہت خوش ہیں کیونکہ اس طرح فضا میں مسلسل بڑھتی ہوئی کاربن ڈائی آکسائیڈ کو کم کرتے ہوئے ماحولیاتی آلودگی اور عالمی تپش جیسے مسائل پر قابو پانے میں مدد ملے گی؛ جبکہ ایندھن کی ضروریات پوری کرنے میں بھی افاقہ ہوگا۔ واضح رہے کہ امریکی حکومت کا منصوبہ یہ ہے کہ آئندہ چند سال پیٹرول (گیسولین) کا استعمال بتدریج کم کیا جائے اور اس کی جگہ ایتھانول ایندھن کا استعمال 12 فیصد تک پہنچایا جائے۔ یہ دریافت اس ہدف کو جلد از جلد حاصل کرنے میں مفید ثابت ہوگی جس سے وہ دوسرے ممالک بھی مستفید ہوسکیں گے جو عالمی منڈی میں تیل کی بڑھتی ہوئی قیمتوں سے پریشان ہیں اور متبادل ایندھن کی تلاش میں ہیں۔

Share this article

Leave a comment