Friday, 29 November 2024


سُست انٹرنیٹ سے چھٹکارا

 

ایمزٹی وی(مانیٹرنگ ڈیسک) کیا فیس بک استعمال کرتے ہوئے اکثر سست انٹرنیٹ آپ کو ذہنی جھنجھلاہٹ کا شکار کردیتا ہے؟ اگر ہاں تو اب اس مسئلے کا سامنا نہیں ہوگا۔

جی ہاں فیس بک نے اپنی نیوزفیڈ کو خراب انٹرنیٹ کنکشن کے حوالے سے مزید بہتر بنایا ہے تاکہ صارفین اس طرح کے مسائل سے بچ سکیں۔

اب فیس بک نیوزفیڈ پر آپ کے سامنے پوسٹس بغیر کسی رکاوٹ کے فوری کھل سکیں گی۔

اس مقصد کے لیے فیس بک اپنے سرورز اور ڈیوائس کے cached کے امتزاج کو استعمال کرے گی۔

فیس بک کا کہنا ہے کہ اس تبدیلی کا مقصد خراب انٹرنیٹ پر بھی صارفین کو اس ایپ کے استعمال کا بہتر تجربہ فراہم کرنا ہے جس کے دوران انہیں گرے باکسز کا کم سامنا ہوگا۔

بنیادی طور پر فیس بک کی جانب سے یہ تبدیلی ترقی پذیر ممالک کے شہریوں تک رسائی حاصل کرنا ہے جہاں اکثر انٹرنیٹ کی رفتار خراب یا کنکشن بار بار منقطع ہوتا ہے۔

اس سے پہلے رواں ماہ فیس بک نے اپنی میسنجر ایپ کا 'لائٹ' ورژن بھی متعارف کرایا تھا۔

'میسنجر لائٹ' کا مقصد اسے اُن لوگوں میں مقبول بنانا ہے جو پرانے فونز استعمال کرتے ہیں اور جن میں اتنی میموری نہیں ہوتی کہ فیس بک میسنجر کو اس کے تمام فیچرز کے ساتھ چلایا جاسکے۔

یہ ان لوگوں کے لیے بھی مفید ہے جنھیں انٹرنیٹ کی سست رفتار کا سامنا ہے۔

فی الحال یہ فیچر کینیا، تیونس، ملائیشیا، سری لنکا اور وینزویلا میں اینڈرائیڈ صارفین کے لیے دستیاب ہے۔

 
 

 

Share this article

Leave a comment