Friday, 29 November 2024


12ارب مالیت سے پہلی مائیکرو فنانس کمپنی کا آغاز

 

ایمز ٹی وی ( تجارت) کمپنی ملک کے پسماندہ ترین علاقوں اور غریب افراد کو قرض کے حصول تک رسائی کیلئے بنا ئی گئی تاکہ وہ معاشی بہتری کیلئے اپنا روزگار خود پیدا کر کے غربت کے چنگل نکل سکیں ،وزیر خزانہ معاشی پالیسیوں کے ثمرات بڑی آبادی کو ملے ،صورتحال میں نمایاں بہتری آئی ، معاشی استحکام کو پائیدار معاشی ترقی میں تبدیل کرنا مستقبل کا ہدف ہے ،اسحاق ڈارکا تقریب سے خطاب۔

حکومت نے 12ارب روپے مالیت سے ملکی تاریخ کی پہلی پاکستان مائیکرو فنانس کمپنی (پی ایم آئی سی)کا اجراکر دیا ، وفاقی وزیر خزانہ محمد اسحاق ڈار نے پنجاب ہاؤس اسلام آباد میں ہونے والی ایک تقریب جس میں غیر ملکی سفیروں، امدادی اداروں، قومی اخبارات اور ذرائع ابلاغ کے ایڈیٹرز نے شرکت کی ۔

اس موقع پر اپنے خطاب میں انہوں نے بتایا کہ کمپنی پسماندہ ترین علاقوں اور غریب افراد کو قرض کے حصول تک رسائی کیلئے جاری کی گئی جس کا مقصد نیشنل فنانشل انکلوژن اسٹریٹیجی کے تحت اس امر کو یقینی بنانا ہے کہ غریب ترین افراد بھی اپنی معاشی صورتحال کی بہتری کیلئے اپنا روزگار خود پیدا کر کے غربت کے چنگل سے نکل سکیں۔

انہوں نے کہا کہ میاں محمد نواز شریف کی قیادت میں ملک میں جو معاشی پالیسیاں لائی گئی ہیں ان کے ثمرات ملک کی ایک بڑی آبا دی کو ملے ہیں اور ملکی معاشی صورتحال میں نمایاں بہتری آئی ہے اور مستقبل کا ہدف اس معاشی استحکام کو پائیدار معاشی ترقی میں تبدیل کرنا ہے ، انہوں نے بتایا کہ گزشتہ تین سال کے دوران پاکستان کی معاشی ترقی کی شرح 4فیصد یا اس سے زائد رہی ہے اور رواں مالی سال میں معاشی ترقی کا ہدف 5.5فیصد ہے ،پاکستان میں برٹش ہائی کمشنر نے اس کمپنی کے اجرا پر وزیر خزانہ کو مبارک باد دی اور کہا کہ پاکستان میں مائیکرو فنانس کے فروغ سے برآمدات کے ذریعے معاشی ترقی کو فروغ دینے میں مدد ملے گی ۔

پاکستان میں جرمنی کے سفیر نے پی آئی ایم سی کے اجرا پر وزیر خزانہ کو مبارک باد پیش کی اور کہا کہ جرمنی کی حکومت کو اس کمپنی کے قیام میں مدد دے کر دلی مسرت ہو رہی ہے اور حکومت اس کمپنی کے ذریعے غریب افراد کیلئے جو بھی اقدامات متعارف کروائے گی ،جرمنی اس کی حمایت کرے گا جس میں ٹیکنالوجی کے فروغ، گرین انرجی پراجیکٹس کا اجرا شامل ہے ۔

وزیر خزانہ نے پی ایم آئی سی کے اجرامیں برطانیہ اور جرمنی کی شرکت اور مستقبل میں بھی اس کی سرپرستی کے بارے میں بتایا کہ اس کمپنی میں پاکستان پاورٹی ایلیوی ایشن فنڈ کے ذریعے 49فیصد حصص کی ملکیت حاصل کرے گا جبکہ برطانوی ادارہ برائے ترقی (ڈی آئی ایف آئی ڈی) اس کمپنی کے 37فیصد حصص کی ملکیت سنبھالے گا جبکہ جرمنی کا ترقیاتی بینک کے ایف ڈبلیو اس کمپنی کے 14فیصد حصص سنبھالے گا، وزیر خزانہ نے اجلاس کو بتایا کہ اس کمپنی کے ذریعے ملک کی غریب ترین اور پسماندہ ترین آبادی چھوٹے قرضے جاری کر ے گا ،انہوں نے کمپنی کی انتظامیہ پر زور دیا کہ وہ ایسی آسان اور نرم شرائط پر مبنی قرض اسکیمیں متعارف کروائے اور ایسی خدمات فراہم کرے کہ ملک کی غریب ترین آبادی زیادہ سے زیادہ تعداد میں اس سے فوری استفادہ کر سکے ،تقریب میں کمپنی کے چیف ایگزیکٹو زبیر سومرو، پی پی اے ایف کے صدر قاضی عظمت عیسیٰ اوردیگر معاشی اداروں کے سربراہوں نے بھی شرکت کی۔

 

Share this article

Leave a comment