Friday, 29 November 2024


کیا آپ رات گئے تک جاگنے کے عادی ہیں؟؟

 

ایمز ٹی وی(صحت) کیا آپ رات گئے تک جاگنے کے عادی ہیں اور صبح جلد اٹھتے ہیں ؟ تو کیا آپ نے محسوس کیا کہ دن میں آپ کو بھوک کچھ زیادہ ہی لگتی ہے؟

اگر ہاں تو طبی سائنس کا بھی کہنا ہے کہ نیند کی کمی موٹاپے کا خطرہ بڑھا دیتی ہے کیونکہ لوگ زیادہ کیلوریز جسم کا حصہ بنانے لگتے ہیں۔

یہ بات برطانیہ میں ہونے والی ایک طبی تحقیق میں سامنے آئی۔

کنگز کالج لندن کی تحقیق کے مطابق جب انسان تھکاوٹ اور غنودگی کا شکار ہوتا ہے تو غذا کے لیے اس کی اشتہا بھی بڑھ جاتی ہے۔

اس سے قبل تحقیقی رپورٹس میں یہ بات سامنے آچکی ہے کہ نیند کی کمی موٹاپے اور ذیابیطس ٹائپ ٹو کا خطرہ بڑھاتی ہے مگر یہ پہلی بار ہے کہ کم سونے اور زیادہ کھانے کے درمیان تعلق کو دریافت کیا گیا ہے۔

اس تحقیق کے دوران 18 سے 50 سال کے 172 مرد و خواتین کا جائزہ لیا گیا جن میں سے کچھ صحت مند جسامت رکھتے تھے جبکہ دیگر موٹاپے کے شکار تھے۔

نتائج سے معلوم ہوا کہ جو لوگ کم نیند یعنی چھ گھنٹے سے کم سوتے ہیں وہ روزانہ اوسطاً 385 کیلوریز زیادہ جسم کا حصہ بناتے ہیں۔

کیلوریز کی اتنی مقدار ڈبل روٹی کے ساڑھے چار پیس کے برابر سمجھی جاسکتی ہے تاہم نیند کی محرومی لوگ چربی زیادہ کھاتے ہیں جبکہ غذا میں پروٹین کم ہوتا ہے۔

محققین نے یہ بھی دریافت کیا کہ رات گئے تک جاگنا اضافی کیلوریز کو گھلانے میں مددگار ثابت نہیں ہوتا اور طویل عرصے تک کم نیند موٹاپے کا باعث بنتی ہے۔

محققین کا کہنا تھا کہ ہمیں ابھی مزید تحقیق کی ضرورت ہے تاکہ موٹاپے کے خطرے کا کوئی علاج دریافت کیا جاسکے جبکہ آج کے معاشرے میں پھیلتے ذیابیطس جیسے مرض کی روک تھام کا طریقہ کار سامنے لایا جاسکے۔

 
 

 

Share this article

Leave a comment