Friday, 29 November 2024


جنوبی افریقہ کے خلاف پہلے ٹیسٹ میچ کے پہلے دن اپنی پوزیشن مستحکم کر لی

ایمز ٹی وی (کھیل) آسٹریلیا نے باؤلرز اور ڈیوڈ وارنر کی عمدہ کارکردگی کی بدولت جنوبی افریقہ کے خلاف پہلے ٹیسٹ میچ کے پہلے دن اپنی پوزیشن مستحکم کر لی ہے۔ پرتھ میں کھیلے جا رہے سیریز کے پہلے ٹیسٹ میچ میں جنوبی افریقہ نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا جو تباہ کن ثابت ہوا اور صرف پانچ کے اسکور پر اسٹیفن کک اور ہاشم آملا بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹ چکے تھے۔ اسکور 20 تک پہنچا تو ڈین ایلگر بھی جوش ہیزل وڈ کو وکٹ دے بیٹھے جبکہ ڈومینی بھی صرف 11 رنز بنانے کے بعد واپس لوٹے۔ اس موقع پر کپتان فاف ڈیو پلیسی اور ٹیمبا باووما نے وکٹیں گرنے کے سلسلے کو روکتے ہوئے شراکت قائم کی لیکن ابھیاس جوڑی نے 49 رنز ہی جوڑے تھے کہ مچل اسٹارک نے اپنی ٹیم کو کامیابی دلا کر جنوبی افریقہ کو پانچواں نقصان پہنچایا۔

81 رنز پر آدھی ٹیم آؤٹ ہونے کے بعد کوئنٹن ڈی کوک وکٹ پر پہنچے اور باووما کے ساتھ چھٹی وکٹ کیلئے 71 رنز جوڑ کر ابتدائی نقصان کا ازالہ کرنے کی کوشش کی لیکن ناتھن لایون نے باووما کو پویلین لوٹا کر اس شراکت کا خاتمہ کردیا۔ کوئنٹن ڈی کوک نے دوسرے اینڈ سے شاندار بیٹنگ جاری رکھی ٹیل اینڈرز کے ساتھ مل کر اپنی ٹیم کو معقول مجموعے تک رسائی دلانے میں اہم کردار ادا کیا۔ وہ 84 رنز کی اننگ کھیلنے کے بعد پویلین لوٹے جبکہ جنوبی افریقہ کی پوری ٹیم 242 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔

آسٹریلیا کی جانب سے جوش ہیزل وڈ چار وکتیں لے کر سب سے کامیابی باؤلر رہے جبکہ مچل اسٹارک نے تین اور ناتھن لایون نے دو وکٹیں حاصل کیں۔ جواب میں ڈیوڈ وارنر نے روایتی جارحانہ انداز میں اننگ کا آغاز کرتے ہوئے تمام جنوبی افریقی باؤلرز کو آڑے ہاتھوں لیا اور دن کے بقیہ 21 اوورز میں ٹیم کی سنچری مکمل کرا دی۔ جب پہلے دن کا کھیل ختم ہوا تو آسٹریلیا نے بغیر کسی نقصان کے 105 رنز بنائے تھے، ڈیوڈ وارنر 62 گیندوں پر 13 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 73 رنز بنا چکے ہیں جبکہ پیٹر نیول 29 رنز بنا کر ان کا ساتھ نبھا رہے ہیں۔

Share this article

Leave a comment