Friday, 29 November 2024


بنگلہ دیش پریمیئر لیگ آغاز سے پہلے ہی تنازعوں کا شکار ہوگئی

ایمز ٹی وی (کھیل) بنگلہ دیش پریمیئر لیگ کے آغاز سے قبل معاوضوں کا تنازع پھر سے کھڑا ہوگیا، رنگپور رائیڈرز کے کھلاڑی پہلی ادائیگی نہ ہونے پر بورڈ کے چیف ایگزیکٹیو نظام الدین چوہدری کے پاس پہنچ گئے، پلیئرز اپنی ٹیم کے مالک تک سے ناواقف نکلے،ادھر ایونٹ کا جمعے کو کسی بھی ہلہ گلہ کے بغیر آغاز ہوگا۔ تفصیلات کے مطابق بی پی ایل کا جب سے آغاز ہوا ادائیگیوں کے تنازع نے اسے لپیٹ میںلیا ہوا ہے، اسی وجہ سے ایونٹ میں تعطل بھی آ چکا، اب چوتھے ایڈیشن سے ایک روز قبل پھر معاوضوں کا تنازع کھڑا ہوا جب رنگپور رائیڈرز کے کچھ کھلاڑی معاوضے کی پہلی قسط نہ ملنے پربورڈ کے چیف ایگزیکٹیو نظام الدین چوہدری کے پاس چلے گئے۔

قواعد وضوابط کے تحت تمام فرنچائزز کیلیے لازم ہے کہ وہ ایونٹ کے آغاز سے قبل ہی پلیئرز کو 50 فیصد ادائیگی کردیں، 20 فیصد دوران ایونٹ اور باقی 30 فیصد اختتام کے ایک ماہ کے اندر کرنا ہے، مگر رنگپور کے پلیئرز کا کہنا ہے کہ انھیں ابھی تک کوئی رقم نہیں ملی، انھوں نے کہاکہ وہ اپنی ٹیم کے مالک تک سے ناواقف ہیں، انھیں معلوم ہی نہیں کہ رابطہ کس سے کرنا ہے۔

واضح رہے کہ یہ ٹیم سہانا گروپ کی ملکیت ہے جس نے ابتدائی 2 ایڈیشنز میں سلہٹ رائلز کے نام سے ٹیم لی ہوئی تھی مگر پلیئرز اور آفیشلز کو ادائیگی نہ کرنے کی وجہ سے اسے ڈراپ کردیا گیا، اب وہی مالکان نئے نام سے فرنچائز لے چکے ہیں، پہلے اس ٹیم کا چیئرمین ضیا العالم کو بنایا مگر پھر ہٹا دیا گیا، جس پر انھوں نے بورڈ سے شکایت کی تھی کہ ان سے بڑی رقم لے کر چیئرمین کا عہدہ دیا گیا اور پھر ہٹا دیا۔ ٹیم جمعے کو پہلے میچ میں کھلنا ٹائٹنز سے نبرد آزما ہوگی جبکہ دوسرے مقابلے میں دفاعی چیمپئن کومیلا وکٹورینز کا سامنا راجشاہی کنگز سے ہوگا۔ ایونٹ کی کوئی افتتاحی تقریب نہیں ہوگی، اس بارے میں نظام الدین نے کہاکہ انگلینڈ سے سیریز کی مصروفیات کے باعث تیاریوں کا وقت ہی نہیں مل سکا۔

Share this article

Leave a comment