Friday, 29 November 2024


آل راؤنڈر محمد حفیظ کا بالنگ ایکشن ایک بار پھر مشکل میں

ایمز ٹی وی (کھیل) پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے آل راؤنڈر محمد حفیظ کے باؤلنگ ایکشن کا دوبارہ معائنہ کرنے کے لیے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) سے درخواست کردی۔ پی سی بی کے اعلیٰ عہدیدار نے بتایا کہ ’پی سی بی نے آئی سی سی سے رابطہ کرکے محمد حفیظ کے باؤلنگ ایکشن کے دوبارہ ٹیسٹ کے لیے تاریخ مقرر کرنے کی درخواست کی ہے۔‘ ان کا کہنا تھا کہ باؤلنگ ایکشن کا ٹیسٹ ممکنہ طور پر انگلینڈ کے قصبے لوفبورو میں ہوگا۔

واضح رہے کہ 50 ٹیسٹ، 177 ایک روزہ اور 77 ٹی ٹوئنٹی میچوں میں پاکستان کی نمائندگی کرنے والے 36 سالہ محمد حفیظ کو 2014 سے باؤلنگ ایکشن میں مشکلات کا سامنا ہے۔ ان پر جولائی 2015 میں ایکشن دوسری بار غیر قانونی قرار دیئے جانے کے بعد انٹرنیشنل کرکٹ میں باؤلنگ پر ایک سال کی پابندی لگادی گئی تھی۔ کرکٹ بورڈ نے انگلینڈ میں باؤلنگ ایکشن کے ٹیسٹ سے قبل، محمد حفیظ کا ایکشن درست کرانے کے لیے باؤلنگ کوچ کارل کرووے کی خدمات حاصل کیں، تاہم حفیظ نے فٹنس مسائل کے باعث ٹیسٹ نہ کرانے کا فیصلہ کیا۔ محمد حفیظ کو انجری اور فارم میں نہ ہونے کے باعث، ویسٹ انڈیز کے خلاف سیریز کے لیے پاکستانی اسکواڈ میں شامل نہیں کیا گیا تھا۔ انہیں رواں ماہ نیوز لینڈ کے خلاف 2 ٹیسٹ میچوں کی سیریز کے لیے اسکواڈ کا حصہ نہیں بنایا گیا۔

Share this article

Leave a comment