Friday, 29 November 2024


پاکستانی تاجروں کو افغانستان سے دھمکی آمیز کالز موصول

 

ایمز ٹی وی(کراچی) شہرقائد میں بھتہ خوری کے واقعات پھر شروع ہونے لگے، تاجروں کو افغانستان سے بھتے کے لیے فون کالز آنے لگیں جس پر تاجروں میں تشویش کی لہر دوڑ گئی۔

اطلاعات کے مطابق فروٹ منڈی کے تاجر شائستہ خان سے افغانستان سے آنے والی کالز میں بھتہ طلب کیا گیا ہے بصورت دیگر خاندان سمیت جان سے مارنے کی دھمکی دی گئی ہے۔

کراچی میں ایک بار پھر بھتہ خوری کے واقعات شروع ہوگئے ہیں، فروٹ منڈی کے ایک پرانے تاجر شائستہ خان کو بھتہ خوری کے لیے جس نمبر سے کال موصول ہوئی ہے وہ افغانستان کا نمبر ہے اور انہیں بھاری رقم کی ادائیگی کے لیے ایک بار نہیں کئی بار افغانستان کے نمبر سے کالز آئی ہیں۔

شائستہ خان کو کال کرنے والا شخص اپنا تعلق ایک کالعدم تنظیم سے بتاتا ہے اور دھمکی دیتا ہے کہ وہ بھتے کی رقم کے کر طورخم بارڈر پہنچے ورنہ اسے اس کے خاندان سمیت قتل کردیاجائےگا، بھتہ خور نے دعویٰ کیا کہ اسے شائستہ خان کے تمام خاندان کے افراد سے متعلق معلومات حاصل ہیں جس میں رہائش، گھر اور کاروبار شامل ہیں۔

سائٹ سپر ہائی وے تھانے میں بھتہ خوری کا مقدمہ نامعلوم افراد کے خلاف فروٹ منڈی کےتاجر شائستہ خان کی مدعیت میں درج کرلیا گیا۔

 

Share this article

Leave a comment