Friday, 29 November 2024


پاکستان کے مزید 5 شہروں میں اپنی سروس کے آغاز کا اعلان کردیا

ایمز ٹی وی (تجارت) کراچی، لاہور اور اسلام آباد کے بعد کریم کار سروس نے عوام کو بہتر سفری سہولیات فراہم کرنے کے لیے پاکستان کے مزید 5 شہروں میں اپنی سروس کے آغاز کا اعلان کردیا۔ اس بات کا اعلان ٹیکسی سروس کے لیے معروف کریم پاکستان نے اپنے فیس بک پیج پر کیا، جس پر ان شہروں میں بسنے والے افراد نے خوشی کا اظہار کیا۔ فیس بک پر ایک پوسٹ کے ذریعے کریم نے حیدرآباد، ملتان، گجرانوالہ، پشاور اور فیصل آباد میں گاڑیاں رکھنے والے شہریوں سے درخواستیں طلب کیں ہیں۔ اس اعلان پر فیس بک صارف فضل حسین کا کہنا تھا کہ 'پشاور میں کریم کا استقبال کرتے ہیں، امید ہے کریم میں سفر کرکے مزہ آئے گا'۔

سید حسن حیدر کے مطابق 'سروس کا مزید 5 شہروں میں آغاز ایک اچھا اقدام ہے'۔ علی سید کے مطابق انہیں کریم سروس کافی پسند ہے۔ واضح رہے کہ کریم ایک موبائل ایپلیکیشن سروس ہے، جس کا استعمال کرتے ہوئے آپ اپنے موجودہ مقام پر کریم کار کو بلوا سکتے ہیں اور اس کے ذریعے باآسانی کسی دوسری جگہ سفر کرسکتے ہیں۔ 2012 میں سروس کا آغاز کرنے والی کریم مشرق وسطی کے 32 شہروں میں اپنی ٹیکسی سروس عوام کو فراہم کررہی ہے، جن میں دوحہ، دبئی، کویت، شارجہ، قاہرہ اور جدہ وغیرہ شامل ہیں۔ پاکستان میں پبلک ٹرانسپورٹ کے خراب نظام اور شہریوں کو درپیش سفری مشکلات کے باعث کریم جیسی کار سروس عوام کے لیے ٹھنڈی ہوا کا ایک جھونکا ثابت ہوئی ہے۔

Share this article

Leave a comment