Saturday, 30 November 2024


واٹس ایپ پر اینیمٹڈ تصاویر کیسے شئیر کر سکتے ہیں؟

ایمز ٹی وی (مانیٹرنگ ڈیسک) واٹس ایپ نے آخرکار اینیمٹڈ تصاویر شیئر کرنے کی سہولت متعارف کرا دی ہے تاہم فی الحال یہ آئی فون یا آئی او ایس ڈیوائسز استعمال کرنے والے صارفین تک محدود ہے۔ جی ہاں فیس بک کی زیرملکیت واٹس ایپ میں جی آئی ایف کو شیئر کرنا اب ممکن ہوگیا ہے اور آئی فون صارفین جلد اس سے لطف اندوز ہوسکیں گے۔ اس فیچر کی بدولت صارفین اینیمیٹڈ تصاویر کو ارسال اور موصول کرسکیں گے جبکہ مختصر ویڈیوز کو بھی جی آئی ایف کی شکل میں بدلا جاسکے گا۔ اس حوالے سے چھ سیکنڈ یا اس سے کم دورانیے کے ویڈیو کلپ کو جی آئی ایف کی شکل دی جاسکے گی۔

اسی طرح آئی فون صارفین تھری ڈی ٹچ فیچر کو استعمال کرکے اپنی لائیو فوٹوز کو جی آئی ایف کی شکل میں واٹس ایپ فرینڈز سے شیئر کرسکیں گے۔ اگرچہ آپ ڈاﺅن لوڈ کرکے بھی اینیمیٹڈ تصاویر کو بھیج سکتے ہیں تاہم واٹس ایپ نے جی آئی ایف سرچ انجن بھی ایپ کا حصہ بنایا ہے۔ آپ اس میں اپنی پسند کے جی آئی ایف کو سرچ کرکے شیئر کرسکیں گے۔ اور ہاں آپ اپنی اینیمیٹڈ تصاویر کو ایڈٹ کرکے ان میں ایموجیز یا رنگارنگ ٹیکسٹ کا اضافہ کرکے سینڈ کرسکیں گے۔ تاہم یہ بہترین فیچر فی الحال اینڈرائیڈ ورژن کے لیے متعارف نہیں کرایا گیا اور یہی وجہ ہے کہ واٹس ایپ نے اس اپ ڈیٹ کا باضابطہ اعلان نہیں کیا۔ یہ تبدیلی اس وقت کی گئی ہے جب فیس بک اسنیپ چیٹ سے مقابلے پر بھرپور توجہ مرکوز کررہی ہے اور اس حوالے سے اپنے تمام پلیٹ فارمز پر متعدد نئے فیچرز متعارف کرا رہی ہے۔ حال ہی میں واٹس ایپ میں اسنیپ چیٹ کا اسٹوری فیچر اسٹیٹس کے نام سے متعارف کرایا گیا تھا۔

Share this article

Leave a comment