Friday, 29 November 2024


پاکستانی ٹیم کی بھر پور پریکٹس جاری

ایمز ٹی وی (کھیل) پاکستانی بیٹسمین باؤنسرز سے نمٹنے کی تیاریاں کرنے لگے، نیلسن میں بارش کے بعد انڈور سیشن میں باؤنسی گیندوں کا بہتر انداز میں سامنا کرنے کیلیے طویل سیشن کیا، ہیڈ کوچ مکی آرتھر اورمعاون گرانٹ فلاور کھلاڑیوں کو خامیوں سے آگاہ کرتے رہے،موسم کی مداخلت سے سہ روزہ وارم اپ میچ بھی متاثر ہونے کا خدشہ ہوگیا۔

دوسری جانب میزبان نیوزی لینڈ نے ٹیسٹ سیریز کیلیے اسکواڈ کا اعلان کر دیا، سلیکٹرز نے جراتمندی کا مظاہرہ کرتے ہوئے دورئہ بھارت میں ٹیم پر بوجھ بننے والے 5پلیئرز کو ڈراپ کردیا، مارٹن گپٹل، لیوک رونکی، ایش سودھی، جیتن پٹیل اور ڈگ بریسویل اپنی جگہ برقرار نہ رکھ سکے، ڈیبیو کے منتظر بھارتی نژاد جیت راول اور پاور ہٹنگ کی صلاحیت رکھنے والے میڈیم پیسر کولن دی گرینڈ ہوم کو شامل کرلیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق ٹیسٹ سیریز کی تیاری کیلیے قبل از وقت نیوزی لینڈ پہنچنے والی پاکستان ٹیم کی راہ میں بارش حائل ہورہی ہے، بدھ کو خوش قسمتی سے نیلسن میں مطلع صاف ہونے پر مہمان کرکٹرز نے تینوں شعبوں میں بھرپور پریکٹس کی تھی لیکن جمعرات کو موسم کی خرابی کے سبب انڈور پریکٹس تک محدود رہنا پڑا،کھلاڑیوں نے فٹبال میچ سے لہو گرمانے کے بعد وارم اپ اور فیلڈنگ ڈرلز بھی کیں تاہم اصل توجہ باؤنسرز پر کارکردگی بہتر بنانے پر مرکوز رہی، باؤنسی گیندوں کا بہتر انداز میں سامنا کرنے کیلیے طویل سیشن کیا گیا.

ہیڈ کوچ مکی آرتھر اور معاون گرانٹ فلاور بیٹسمینوں کے خامیاں دور کرنے کی کوشش کرتے رہے، نیٹ میں سب سے زیادہ وقت یونس خان کو دیا گیا، سمیع اسلم، اظہر علی اور اسد شفیق نے بھی تیزی سے بیک فٹ پر آنے اور باہر جاتی گیندوں کو چھوڑنے کیلیے کوچز کی ہدایات پر عمل کیا،اس دوران محمد عامر، وہاب ریاض اور سہیل خان بیٹسمینوں کو پریشان کرنے کیلیے مختلف حربے آزماتے رہے۔

یاد رہے کہ ویسٹ انڈیز کیخلاف یواے ای میں کھیلی جانے والی سیریز میں شینون گبرائیل اور آخری ٹیسٹ میں جیسن ہولڈر کی شارٹ گیندوں نے میزبان بیٹنگ کیلیے پریشانیاں پیداکی تھیں، مردہ پچز پر خامیاں آشکار ہونے کے بعد کوچنگ اسٹاف تشویش میں مبتلا ہے، نیوزی لینڈ کے مختلف ٹریکس پر بہتر کارکردگی دکھانا قطعی مختلف چیلنج ہوگا، خراب موسم بھی پلاننگ میں رخنہ ڈال رہا ہے.

مقامی محکمہ موسمیات کی رپورٹ کے مطابق نیلسن میں 3 روزہ وارم اپ میچ کے دوران بھی رنگ میں بھنگ پڑنے کا خدشہ ہے، مہمانوں کی پریکٹس کیلیے شیڈول واحد مقابلے کے پہلے دن وقفے وقفے سے بارش کی پیشگوئی ہوئی ہے، ہفتے کو رم جھم اور اتوار کو مختلف اوقات میں گرج چمک اور بوندا باندی سے کھیل متاثر ہوسکتا ہے۔ دریں اثنا نیوزی لینڈ نے پاکستان کیخلاف ٹیسٹ سیریز کیلیے 13رکنی اسکواڈ کا اعلان کردیا۔

دورئہ بھارت میں مایوس کن کارکردگی کا مظاہرہ کرنے پر مارٹن گپٹل سمیت 5کھلاڑیوں کو ڈراپ کردیاگیا،اوپنر طویل فارمیٹ کی کرکٹ میں کافی عرصے سے جدوجہد کرتے رہے ہیں، وہ گذشتہ 9 میچز میں صرف 393 رنز بنا سکے تھے جس میں صرف 2ففٹیز شامل ہیں،بھارت میںمارٹن گپٹل 6اننگز میں صرف ایک نصف سنچری بنانے میں کامیاب رہے،ان کی ون ڈے کرکٹ میں اوسط 42.35جبکہ ٹیسٹ میں 29.38ہے،گپٹل کے ساتھ دورئہ بھارت میں ناکام وکٹ کیپر لیوک رونکی، لیگ اسپنر ایش سودھی اور آف اسپنر جیتن پٹیل بھی نظر انداز کردیے گئے، بغیر کوئی میچ کھیلے واپس آنے والے سیمر ڈگ بریسویل اسکواڈ میں جگہ نہیں بنا سکے۔

انجری کے شکار مچل سینٹنر، مارک کریگ، ایڈم ملن، مچل میک کلینگن، کولن منرو اور جارج ورکر کے انتخاب پر غور نہیں کیا گیا، فٹنس کی بحالی کیلیے کوشاں کوری اینڈرسن بھی فی الحال مزید آرام کریںگے، ڈیبیو کے منتظر بھارتی نژاد جیت راول اور آل راؤنڈ کولن دی گرینڈ ہوم کو شامل کیا گیا ہے، نومبر 2016 میں نیوزی لینڈ کی جانب سے واحد ٹیسٹ کھیلنے والے ٹوڈ ایسٹل کو بھی منتخب کر لیا گیا، وہ اسکواڈ میں شامل واحد اسپیشلسٹ اسپنر ہیں،کولن ڈی گرینڈ ہوم اچھے میڈیم پیسر ہونے کے ساتھ بطور پاور ہٹر بھی شہرت رکھتے ہیں۔

ڈومیسٹک کرکٹ میں عمدہ کھیل پیش کرنے والے جیت راول سے مارٹن گپٹل کی جگہ اوپننگ کرائی جائے گی،وہ اس سے قبل زمبابوے اور جنوبی افریقہ کا دورہ کرچکے لیکن پلیئنگ الیون میں جگہ نہیں بنا سکے تھے۔ منتخب اسکواڈ میں کین ولیمسن (کپتان)، ٹوڈ ایسٹل، ٹرینٹ بولٹ، کولن ڈی گرینڈ ہوم، میٹ ہنری، ٹام لیتھم، ہنری نکولس، جمی نشام، جیت راول، ٹم ساؤتھی، روس ٹیلر، نیل ویگنر اور بی جے واٹلنگ شامل ہیں۔سیریز کا پہلا ٹیسٹ 17 نومبر سے کرائسٹ چرچ میں شروع ہوگا، دونوں ٹیمیں 25 تاریخ سے ویلنگٹن میں دوسرا ٹیسٹ کھیلیں گی۔

Share this article

Leave a comment