Saturday, 30 November 2024


کراچی میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالج کے لئے انٹرویو جاری

 


ایمزٹی وی(تعلیم/کراچی)کراچی میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالج میں مختلف شعبوں کیلئے پروفیسرز،ایسوسی ایٹ پروفیسرز، اسسٹنٹ پروفیسرز اور سینئر رجسٹرار کے انتخاب کیلئے امیدواروں کے انٹر ویوز کئے گئے ۔ڈپٹی میئر کراچی ارشدوہرہ نے کالج کے سلیکشن بورڈ کے اجلا س کی صدارت کی ۔

اس موقع پر انہوں نے کہا کہ ماہراساتذہ ہی طلبہ کی بہترین تعلیم وتربیت کرسکتے ہیں تاکہ مستقبل میں بہتر طور پر خدمات انجام دے سکیں ،سلیکشن بورڈ میں میونسپل کمشنر ڈاکٹر بدر جمیل،سابق پرنسپل کے ایم ڈی سی پروفیسر ڈاکٹر وقار کاظمی، پروفیسر ڈاکٹر خالد اشرفی، سابق سینئر ڈائریکٹر ڈاکٹرناصر جاوید اور موجودہ پرنسپل کے ایم ڈی سی شامل تھے ۔
ڈپٹی میئر کراچی ڈاکٹر ارشد وہرہ نے مزید کہا کہ میڈیکل کا شعبہ انتہائی حساس اور ذمہ دارانہ ہے کیونکہ ان ڈاکٹرز کاکام قیمتی انسانی جانیں بچانا ہوتا ہے ،ان ڈاکٹرز کو جدید علوم کے ساتھ آئے روز میڈیکل سائنس میں ہونے والی تحقیق اور تبدیلیوں سے بھی آگاہ کیا جانا چاہیے تاکہ یہ طلبا مستقبل میں بہترین خدمات انجام دے سکیں۔

انہوں نے کہا کہ میڈیکل سائنس نے بے انتہا ترقی کرلی ہے ماضی میں جو آپریشن انتہائی پیچیدہ ہوا کرتے تھے وہ اب انتہائی آسان شکل اختیار کرچکے ہیں پاکستان کے MBBS اور BDS ڈاکٹرز کو پوری دنیا میں قدر کی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے ،امریکا اور یورپ سمیت دنیا کے کئی ممالک میں پاکستانی ڈاکٹرز طبی شعبے میں نمایاں خدمات انجام دے رہے ہیں اور پوری دنیا میں ملک کا نام روشن کررہے ہیں

انہوں نے کہا کہ اساتذہ کا انتخاب کرتے ہوئے میرٹ کو بنیاد بنایا جائے اور کسی کی حق تلفی نہ کی جائے ، ڈپٹی میئر کراچی ڈاکٹر ارشد وہرہ نے کہا کہ بلدیہ عظمیٰ کراچی کے زیر انتظام میڈیکل کالج کے ساتھ 13 بڑے اسپتال شہریوں کی خدمت میں مصروف عمل ہیں ،بلدیہ عظمیٰ شہریوں کی صحت پر کثیر رقم خرچ کررہی ہے اور انہیں ہر ممکن امداد فراہم کرتی ہے

 

Share this article

Leave a comment