Friday, 29 November 2024


ایمنسٹی اسکیم بھی کرپشن سے نہ بچ سکی

ایمز ٹی وی (تجارت) پاکستان کسٹمزکوئٹہ کلکٹریٹ سے ایمنسٹی اسکیم کے تحت کلیئر ہونے والی گاڑیوں پر کسٹمز ڈیوٹی و ٹیکسوں کی مد میں 12 کروڑروپے سے زائد مالیت کی بے قاعدگیوں کے انکشاف نے ایمنسٹی اسکیم کی شفافیت پرکئی سوال اٹھادیے۔ دستاویزات کے مطابق پاکستان کسٹمزکے ڈائریکٹوریٹ پوسٹ کلیئرنس آڈٹ نے کوئٹہ کسٹمزکلکٹریٹ سے ایمنسٹی اسکیم کے تحت کلیئرنس حاصل کرنے والی نان ڈیوٹی پیڈگاڑیوں کا بعد ازکلیئرنس آڈٹ کیا تو انکشاف ہوا کہ کوئٹہ کسٹمز کلکٹریٹ میں تعینات کسٹمز افسران کی جانب سے ایمنسٹی اسکیم کے تحت کلیئر کی جانے والی نان ڈیوٹی پیڈگاڑیوںکی غلط اسیسمنٹ کی گئی ہے جس کے نتیجے میں قومی خزانے کوڈیوٹی وٹیکسوں کی مد میں بھاری ریونیوکا نقصان اٹھانا پڑا ہے، اس ضمن میں ڈائریکٹوریٹ نے مفصل آڈٹ رپورٹ مرتب کرلی ہے۔

ذرائع نے بتایا کہ مذکورہ کلکٹریٹ میں ایمنسٹی اسکیم کے تحت گاڑیوں کی بعدازکلیئرنس آڈٹ کے لیے ڈائریکٹوریٹ کی آڈٹ ٹیم تشکیل دی گئی جس میں ڈپٹی ڈائریکٹر ساجد علی کراچی اورکوئٹہ کلکٹریٹ سے تعلق رکھنے والے انسپکٹر محمد زبیر اعوان، محمد عیسیٰ خان، عبدالقیوم شامل تھے، آڈٹ ٹیم نے کوئٹہ کلکٹریٹ سے ایمنسٹی اسکیم کے تحت کلیئرکی جانے والی نان ڈیوٹی پیڈگاڑیوں کی مجموعی طور پر 17674 فائلوں کے ریکارڈ کی تفصیلی جانچ پڑتال کی تو معلوم ہوا کہ مذکورہ فائلوں میں سے 16164فائلیں درست رہیں جن میں کسٹمز ڈیوٹی وٹیکسوں کی درست اسیسمنٹ کرتے ہوئے وصولیاں کی گئیں لیکن باقی ماندہ 1510 فائلوں میں بے قاعدگیوں کی نشاندہی ہوئی جن پرکوئٹہ کسٹمزکلکٹریٹ میں تعینات افسران نے گاڑیوں کی کلیئرنس کے وقت غلط اسیسمنٹ کرکے قومی خزانے کو 12 کروڑ 33 لاکھ روپے سے زائد کے ریونیو کا نقصان پہنچایا۔

ڈائریکٹوریٹ پوسٹ کلیئرنس آڈٹ کی جانب سے مرتب کردہ آڈٹ رپورٹ میں اس امرکی نشاندہی کی گئی ہے کہ کوئٹہ کسٹمزکلکٹریٹ سے ایمنسٹی اسکیم کے تحت کلیئرکی جانے والی 800 سی سی استعداد کی حامل 225 گاڑیوں پر 56 لاکھ 42 ہزار روپے، 801 تا 1000 سی سی استعداد کی حامل 63 گاڑیوں پر 13 لاکھ 19ہزار، 1001 تا 1300 سی سی 69 گاڑیوں پر 43 لاکھ 71 ہزار، 1301 تا 1500 سی سی کی 200 گاڑیوں پر 1کروڑ 27 لاکھ 74 ہزار، 1501 تا 1600 سی سی کی 26 گاڑیوں پر 25 لاکھ 55 ہزار، 1601تا 1800 سی سی کی 21 گاڑیوں پر 35 لاکھ 6 ہزار، 1801 تا 3000 سی سی کی 568 گاڑیوں پر پر 4 کروڑ 82 لاکھ 6 ہزار جبکہ 3000 سی سی سے زائد کی 127 گاڑیوں پر 83 لاکھ 45 ہزار اور 159 ٹرکوں پر 1کروڑ 45 لاکھ 86 ہزار مالیت کیہ ڈیوٹی وٹیکسز چوری کیے گئے۔

یہاں یہ امر قابل ذکر ہے کہ اس سے قبل پوسٹ کلیئرنس آڈٹ کی جانب سے اپریزمنٹ ویسٹ (کراچی) سے ایمنسٹی اسکیم کے تحت کلیئرکی جانے والی گاڑیوں کی 5958 فائلوں کاآڈٹ کیا گیا تھا جس میں 5507 فائلوں کی جانچ پڑتال کی تھی جس میں 556 فائلوں میں 4 کروڑ 57 لاکھ سے زائد کی ڈیوٹی وٹیکسز کی کم وصولی کی گئی تھی۔

Share this article

Leave a comment