Friday, 29 November 2024


قائد اعظم یونیورسٹی قبضہ مافیا کا تسلط ختم کرنے کے لئے سرگرم


ایمزٹی وی(اسلام آباد/تعلیم)قائد اعظم یونیورسٹی انتظامیہ نے جامعہ کی اراضی پر قبضہ مافیا کا تسلط ختم کرانے کے لئے سی ڈی اے سے مل کر جوائنٹ ورکنگ گروپ تشکیل دینے کا فیصلہ کر لیاہے۔
اس حوالے سے وائس چانسلر قائد اعظم یونیورسٹی نے چیئرمین سی ڈی اے و میئر اسلام آباد کو باقاعدہ طور پر یونیورسٹی کی قبضہ شدہ اراضی دکھانے اور قانونی کارروائی عمل میں لانے کے لئے دعوت نامہ ارسال کر دیا، یہ فیصلہ وزیر مملکت تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت انجینئر بلیغ الرحمن اور چیئرمین ایچ ای سی ڈاکٹر مختار احمد سے ملاقات کے بعد کیا گیا جبکہ اراضی واگزار کرانے کے لئے اسلام آباد پولیس اور ضلعی انتظامیہ سے بھی مدد مانگ لی گئی ہے ۔

ذرائع کے مطابق وی سی کی جانب سے شیخ انصر عزیز کو بھیجے گئے دعوت نامہ میں ان سے یونیورسٹی کی دو سو ایکڑ اراضی واگزار کرانے کی درخواست کی گئی ہے اور کہا گیا ہے کہ وہ اپنی ٹیم کے ہمراہ آئندہ چند روز میں یونیورسٹی کا دورہ کریں تاکہ انہیں تفصیلات سے آگاہ کیا جا سکے ، ڈاکٹر جاوید اشرف نے یہ بھی بتایا ہے کہ قائد اعظم یونیورسٹی 1709ایکڑ اراضی کی ادائیگی کر چکی ہے مگر دو سو ایکٹر اراضی اس سے چھین لی گئی ہے ۔

Share this article

Leave a comment