Friday, 29 November 2024


حصص کی قیمتوں اور تجارتی حجم میں اچانک اضافہ


ایمز ٹی وی (تجارت) سیکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان (ایس ای سی پی) نے سرمایہ کاروں کو مارکیٹ میں اتار چڑھاؤ کے غلط استعمال سے بچانے کے پیش نظر حصص کی قیمتوں اور تجارتی حجم میں اچانک اضافہ والی کمپنیوں سے وضاحت طلب کرلی۔ ایس ای سی پی کے مطابق جواب طلبی سے معلوم کیا جاسکے گا کہ آیا یہ اضافہ کمپنی کی قدر میں اضافے کے باعث ہے یا محض افواہوں پر مبنی ہے۔ حال ہی میں ایس ای سی پی نے 9 کمپنیوں سے وضاحت طلب کی ہے، جن کے حصص کی قیمتوں اور تجارتی حجم میں اچانک اضافہ ہوا۔

ان کمپنیوں میں اروج انڈسٹریز لمیٹڈ، حسین شوگر ملز لمیٹڈ، کے ایس بی پمپس کمپنی لمیٹڈ، میرٹ پیکجنگ لمیٹڈ، نذیر کاٹن ملز لمیٹڈ، نیشنل سلک اینڈ رے آن ملز لمیٹڈ، سرگودھا سپننگ ملز لمیٹڈ، یونائیٹڈ ڈسٹری بیوٹرز پاکستان لمیٹڈ اور خیبر ٹیکسٹائل ملز لمیٹڈ شامل ہیں۔ ان میں سے ایک کے علاوہ باقی تمام نے اپنے جوابات جمع کرا دیئے ہیں اور انہیں پاکستان اسٹاک ایکسچینج کی ویب سائٹ پر پی ایس ایکس نوٹسز کے ذریعے عام بھی کردیا گیا ہے۔ ایس ای سی پی نے سرمایہ کاروں کو تنبیہ کی ہے کہ وہ ایسی کمپنی جن کے حصص کی قیمتوں یا تجارتی حجم میں بغیر کسی وضاحت کے اچانک اضافہ ہوجائے وہ ان میں سرمایہ کاری کرنے سے اجتناب کریں۔

کمیشن نے سرمایہ کاروں کو مشورہ دیا ہے کہ وہ سرمایہ کاری کے حوالے سے فیصلے کرتے وقت کمپنیوں اور اسٹاک ایکسچینج کی جانب سے کیے جانے والے اعلانات کو بھی سامنے رکھیں۔ ایس ای سی پی نے ایف آئی اے سے بھی رابطہ کیا ہے کہ وہ سوشل میڈیا کے ذریعے لسٹڈ کمپنیوں کے بارے میں افواہیں پھیلانے والوں کے خلاف کارروائی کرے۔ ایس ای سی پی نے ایسی مخاصمانہ سرگرمیوں میں ملوث چند افراد کی تفصیلات بھی ایف آئی اے کو دی ہیں۔ ایف آئی اے سے درخواست کی گئی ہے کہ وہ سائبر کرائم کے قوانین کے تحت ان کے خلاف کارروائی کریں اور ان کے اکاؤنٹس کو بلاک کیا جائے۔

Share this article

Leave a comment