Friday, 29 November 2024


مولانا فضل الرحمان,عمران خان کی شادی کے سوال پر سیخ پا

 

 

ایمز ٹی وی(لاہور)جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ تحریک انصاف کا نہ کوئی ماضی تھا نہ مستقبل ہے،ہر کوئی عمران خان کی شادی کی بات کرتا ہے کوئی مجھ سے بھی پوچھ لے۔

جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن نے یہ بات لاہور میں جہانگیر بدر کے انتقال پر تعزیت کے بعد ان کے گھر سے باہر میڈیا سے بات کرتے ہوئی کہی۔

انہوں نے کہا کہ جہانگیر بدر گراس روٹ سے اُٹھنے والے وضع دار سیاست دان تھے۔

سربراہ تحریک انصاف کی تیسری شادی کے حوالے سے پوچھے گئے سوال کے جواب میں انہوں نے ازرائے تفنن کہا کہ میڈیا عمران خان کی شادی کرانے پر تُلا ہوا ہے ہر کوئی اس کی شادی کی بات کررہا ہے کوئی میری شادی کا پوچھ لے،عمران خان کا نہ کوئی ماضی تھا اور نہ ہی مستقبل ہے۔

صحافیوں سے گفتگو کے دوران انہوں نے انکشاف کیا کہ خیبر پختونخوا حکومت کو پا ک چین اقتصادی منصوبے کے بارے میں کچھ پتا نہیں اُن کے اعتراضات بلاوجہ اور معلومات کی کمی کی بناء پر ہیں،سی پیک منصوبے کو سبوتاژ کرنے کے لیے سازشیں کی جا رہی ہیں۔

آرمی چیف کی مدتِ ملازمت ختم ہونے کے حوالے سے سربراہ مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ جنرل راحیل شریف اور ان کے خاندان کی پاکستان کے لیے بہت قربانیاں ہیں اُن کے خاندان نے دو نشان حیدر پانے کا اعزاز حاصل کیا ہے جب کہ ضرب ِ عضب کے ذریعے دہشت گردی کے خاتمے میں بھی آرمی چیف نے اہم کردار ادا کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ نئے آرمی چیف کی تقرری وزیراعظم کا اختیار ہے تا ہم اس سلسلے میں ہم سے کوئی مشاورت نہیں کی گئی۔

پاناما لیکس کیس کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ پاناما لیکس کا مستقبل سپریم کورٹ میں دعوے دائر کرنے والوں کا پیچھا کر رہا ہے،دعویٰ کرنے والوں کو عوام کو جواب دینا ہوگا۔

 

Share this article

Leave a comment