Friday, 29 November 2024


پیپلز پارٹی کا یوم تاسیس پر اہم اعلان

ایمز ٹی وی(لاہور) پاکستان پیپلز پارٹی کے چئیرمین بلاول بھٹو نے کہا ہے پیپلز پارٹی بلوچستان کے عوام کا جمہوریت پر اعتماد بحال کرے گی۔

آئندہ بلوچستان کا وزیراعلی بلوچ اور پیپلزپارٹی کا ہو گا۔ سی پیک میں صوبوں کے حقوق اور نیشنل ایکشن پلان پر عملدرآمد نہیں ہورہا۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے لاہور میں پیپلز پارٹی کے ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا، اپنے خطاب میں بلاول بھٹو نےانکشاف کیا کہ بلوچستان کے کچھ سیاستدان چور دروازے سے نواز شریف سے ڈیل کر رہے ہیں، عوام کو اعتماد میں نہیں لیا جا رہا۔

لاہورمیں پیپلز پارٹی کے یوم تاسیس میں جمعرات کو بلوچستان کا دن تھا۔ پاکستان پیپلز پارٹی کے چئیرمین بلاول بھٹو کو اس مناسبت سے پیپلز پارٹی بلوچستان کے رہنماؤں نے روایتی بلوچی پگڑی پہنائی بلاول بھٹو نے بلوچستان کے پارٹی رہنماؤں اور کارکنوں سے ملاقات کی۔

بلاول بھٹو کا کہنا تھا پنجاب سے سی پیک کی حمایت میں تو بیانات بہت آ رہے ہیں لیکن سی پیک میں صوبوں کے حقوق اور نیشنل ایکشن پلان پر عملدرآمد نہیں ہورہا، پیپلز پارٹی بلوچستان کے عوام کا جمہوریت پر اعتماد بحال کرے گی، مسلم لیگ ن کی صوبائی حکومت بلوچ عوام کی بجائے تخت راونڈ سے زیادہ وفادار ہے۔

بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی کی تنظیمیں پورے بلوچستان میں تحصیل لیول تک بنائی جائیں گی۔ بلاول نے دعویٰ کیا کہ 2018ء کے انتخابات پیپلز پارٹی جیتے گی۔

ان کا کہنا تھا کہ 2018ء کے انتخابات میں پیپلز پارٹی بلوچستان میں فتح یاب ہو گی۔ اس موقع پر بلوچ لوک فنکاروں نے شاندار پرفارمنس کا مظاہرہ کیا اورپارٹی کارکنوں نے روایتی رقص بھی پیش کیا، واضح رہے کہ لاہورمیں پاکستان پیپلز پارٹی کے یوم تاسیس کی تقریبات جاری ہیں

Share this article

Leave a comment