Friday, 29 November 2024


چیئرمین شہریارخان کے14 ٹورز میں55 لاکھ سے زائد روپے خرچ

 

 

ایمزٹی وی(اسپورٹس) پی سی بی حکام نے غیرملکی ٹورز پر کروڑوں روپے پھونک دیے، 2 سال میں چیئرمین شہریارخان کے14 ٹورز میں55 لاکھ سے زائد روپے صرف ہوئے۔ تفصیلات کے مطابق وفاقی وزارت بین الصوبائی رابطہ امور نے گذشتہ دنوں پی سی بی سے تین سال میں حکام کے غیرملکی ٹورز کی تفصیلات طلب کی تھیں جو ارسال کر دی گئیں، منسٹری کے ذرائع سے اس کی ایک کاپی نمائندہ ’’ایکسپریس‘‘ کو بھی موصول ہوئی ہے، اس کے مطابق چیئرمین کرکٹ بورڈ شہریار خان نے اکتوبر2014 سے جولائی 2016 تک آئی سی سی میٹنگز، دیگر بورڈ حکام سے ملاقاتوں و دیگر مد میں14 ٹورز کیے، وہ بھارت، بنگلہ دیش، سری لنکا، یو اے ای اور انگلینڈ گئے۔ ان دوروں پر34 لاکھ 14 ہزار 919 روپے رہائش و ڈیلی الاؤنس اور20 لاکھ 86 ہزار 669 روپے سفری اخراجات آئے، مجموعی رقم 55 لاکھ 15 سو 88 روپے بنی۔ نجم سیٹھی نے بطور چیئرمین ایگزیکٹیو کمیٹی نومبر 2014 سے جون 2016 تک 19 غیرملکی دورے کیے، ان میں بیشتر دبئی کے تھے،2 بار وہ بھارت اور ایک مرتبہ قطر بھی گئے، نجم سیٹھی نے اس دوران آئی سی سی میٹنگز میں شرکت کے ساتھ پی ایس ایل کے سلسلے میں ملاقاتیں کیں، بھارت سے باہمی ٹورز پر بات ہوئی، بلٹ پروف بسیں خریدنے کے سلسلے میں دورہ دبئی پر4 لاکھ 26 ہزار 840 روپے خرچ ہوئے۔ نجم سیٹھی کے غیرملکی دوروں پر مجموعی طور پر 68 لاکھ 78 ہزار 220 روپے کے اخراجات آئے، اس میں 32 لاکھ 90 ہزار 269 روپے رہائش و ڈیلی الاؤنس اور 35 لاکھ 87 ہزار 924 روپے سفر کے تھے۔ آئی سی سی و دیگر بورڈز کی جانب سے فراہم کردہ ایئرٹکٹ اور رہائش وغیرہ کی رقم اس میں شامل نہیں۔ 2013 سے 2014 تک بطور چیئرمین پی سی بی نجم سیٹھی8 بار غیرملکی دوروں پر گئے، ان میں5 یو اے ای، 2 بنگلا دیش اور ایک لندن کا ٹور شامل ہے، اس دوران انہوں نے آئی سی سی اور اے سی سی میٹنگز میں بھی شرکت کی جس کے ٹکٹ میزبانوں نے دیے، ان پر بورڈ کے 17 لاکھ 50 ہزار 79 روپے ڈیلی الاؤنس و رہائش جب کہ 15 لاکھ 75 ہزار 926 روپے سفری اخراجات آئے، یوں یہ رقم مجموعی طور پر 33 لاکھ 26 ہزار 5 روپے بنی۔ سابق چیئرمین ذکا اشرف نے جنوری 2013 سے مارچ 2014 تک بھارت، یو اے ای، انگلینڈ، جنوبی افریقہ اور سنگاپور کے7 ٹورز کیے،ان میں سے کئی آئی سی سی میٹنگزکے سلسلے میں تھے، انہیں ڈیلی الاؤنس و رہائش کے 15 لاکھ 55 ہزار 369 روپے ملے، سفر کی مد میں 17 لاکھ 40 ہزار 783 روپے روپے خرچ ہوئے، ان کے دوروں پر32 لاکھ 96 ہزار 179 روپے کے مجموعی اخراجات آئے۔ یوں مجموعی طور پر بورڈ کے تین ’’اعزازی‘‘ سربراہان کے غیرملکی ٹورز پر ایک کروڑ21 لاکھ 23 ہزار772 روپے خرچ ہوئے۔ چیف آپریٹنگ آفیسر سبحان احمد نے جنوری2013 سے جولائی2016 تک 32 غیر ملکی دورے کیے، وہ بھارت، یو اے ای، انگلینڈ، سنگاپور،آسٹریلیا، بنگلہ دیش ،ملائیشیا اور اسکاٹ لینڈ گئے، ان کے بیشتر ٹورز آئی سی سی کی مختلف میٹنگز کے تھے جس کے سفری و رہائشی کونسل نے ادا کیے، ان ٹورز میں87 لاکھ 77 ہزار 764 روپے بورڈ کے بھی خرچ ہوئے۔ پی سی بی کے چیف فنانشل آفیسر بدر منظور خان نے گذشتہ برس ایک اور رواں سال جون تک تین یو اے ای کے ٹورز پی ایس ایل کے سلسلے میں کیے، ایشیا کپ فنانشل کمیٹی کی میٹنگ کیلیے وہ ایک بار بنگلہ دیش بھی گئے، ایئرٹکٹ ایشین کرکٹ کونسل نے دیا البتہ انھوں نے پی سی بی سے رہائش و ڈیلی الاؤنس کے 83 ہزار 530 روپے وصول کیے، مجموعی طور پر ان کے دوروں پر 12 لاکھ 40 ہزار 164 روپے کے اخراجات آئے۔ ڈائریکٹر مارکیٹنگ نائلہ بھٹی نے جون 2015 سے جون 2016 تک ایک سال میں یو اے ای کے9 ٹورز کیے، اس میں سے 7 پی ایس ایل کیلیے تھے، ان پر 36 لاکھ 52 ہزار 93 روپے خرچ ہوئے، 17 لاکھ 55 ہزار 968 روپے رہائش و ڈیلی الاؤنس، 18 لاکھ 83 ہزار 323 روپے سفراور 12 ہزار 803روپے موبائل کے اخراجات تھے۔ ان سے قبل سابق ڈائریکٹر مارکیٹنگ بدر رفاعی کے اکتوبر سے دسمبر 2014 میں آسٹریلیا اور یو اے ای کے ٹورز پر 6 لاکھ 92 ہزار 646روپے خرچ ہوئے۔

 

Share this article

Leave a comment