Friday, 29 November 2024


موجودہ چیف جسٹس کو پیغام دیا گیا کہ آپ یہ کیس نہ سنیں، سراج الحق

 


ایمزٹی وی(اسلام آباد) جماعت اسلامی کے امیر سراج الحق نے کہا ہے کہ افسوس ہے 74 دنوں میں اس کیس کا فیصلہ نہیں ہوا اور کرپشن کے اس سمندر کے ساتھ ہم 2017ءمیں بھی داخل ہو رہے ہیں۔ نئے چیف جسٹس کا 15 دن پہلے نوٹیفکیشن جاری کر کے موجودہ چیف جسٹس کو پیغام دیا گیا کہ آپ یہ کیس نہ سنیں ۔ میرا موقف یہی ہے کہ کمیشن بنے اور 25 دن میں فیصلہ ہو کیونکہ فیصلہ ہونا ضروری ہے، اس کو قیامت تک لے جانا نامناسب ہے ۔

تفصیلات کے مطابق میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سراج الحق نے کہا کہ اگر دال میں کچھ کالا کلا نہیں تھا تو کیا تھا؟ لیکن افسوس ہے کہ 74 دنوں میں کیس کا فیصلہ نہیں ہو سکا اور کرپشن کے اس سمندر کے ساتھ ہم 2017ءمیں بھی داخل ہو رہے ہیں۔ حکومت کا خوف ہے لیکن سن لیں، ہم 2017ءمیں بھی کرپشن کا پیچھا کریں گے ۔

انہوں نے کہا کہ کمیشن کا مطالبہ تمام جماعتوں کا متفقہ تھا اور اگر کمیشن پہلے بن جاتا تو 74 دن ضائع نہ ہوتے۔ جب تک کس جاری ہے وزیراعظم کو اختیارات استعمال نہیں کرنے چاہئیں، ہم سب کا احتساب چاہتے ہیں اور یہ انصاف کا تقاضہ ہے ۔

سراج الحق کا کہنا تھا کہ کرپشن کے خلاف جماعت اسلامی نے سب سے پہلے علم اٹھایا ہے، ٹرین مارچ کیا، 4 بل اسمبلی میں پیش کئے، سب سے پہلے عدالت میں پٹیشن جمع کرائی اور عوام کو اکٹھا کرنے کیلئے سب سے زیادہ جلسے کئے کیونکہ کرپشن اور پاکستان ایک ساتھ نہیں چل سکتے۔ انہوں نے کہا کہ سب کا انصاف چاہتے ہیں کیونکہ انصاف کا تقاضہ ہے کہ چور اور لٹیرے حکومت میں ہیں یا اپوزیشن میں، ان کا احتساب ہونا چاہئے، لیکن جو بڑا ہے اور سب سے زیادہ ذمہ دار ہے وہ وزیراعظم ہے اور ان کا ٹولہ اور خاندان ہے، سب سے پہلے سپریم کورٹ ان کا احتساب کرے کیونکہ جب تک ان کا احتساب نہ ہوا انصاف کا بول بالا نہیں ہو سکتا اور کرپشن ختم نہیں ہو سکتی۔ قانون، آئین اور اخلاق کا تقاضا ہے کہ سب سے زیادہ ذمہ دار کا سب پہلے احتساب ہو، اس کے بعد جن جن کا نام پانامہ پیپرز میں ہے ان کا احتساب قوم کی آواز اور مطالبہ ہے ۔

 

Share this article

Leave a comment