Friday, 29 November 2024


ٹیم میں کوئی میری طرح نئی گیند سے بال کرانے والا نہیں، محمد آصف کانیا دعویٰ


ایمزٹی وی(اسپورٹس) فاسٹ باﺅلر محمد آصف نے کہا ہے کہ ٹیسٹ کرکٹ سمیت کوئی فارمیٹ نہیں چھوڑ رہا۔ میری عمر کو ایشو نہ بنایا جائے، مجھے یقین ہے کہ قومی ٹیم میں اپنی جگہ جلد حاصل کروں گا۔
تفصیلات کے مطابق محمد آصف نے کہا کہ ٹیسٹ کرکٹ سمیت کوئی فارمیٹ نہیں چھوڑ رہا اور نہ ہی میری عمر کو ایشو بنایا جائے کیونکہ ٹیم میں 40 سال سے بڑی عمر کے کھلاڑی کھیل رہے ہیں ۔ ان کا کہنا تھا کہ سلیکٹرز اس بات کو سمجھیں کہ ٹیم کو میری ضرورت ہے، ٹیم میں کوئی میری طرح نئی گیند سے بال کرانے والا نہیں۔

محمد آصف نے قائداعظم ٹرافی کے فائنل میچ میں واپڈا کی نمائندگی کرتے ہوئے پہلی اننگز میں 18.1 اوورز کرائے اور 29 رنز کے عوض 4 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔ ان کی شاندار باﺅلنگ کی بدولت حبیب بینک لمیٹڈ کی ٹیم پہلی اننگز میں صرف 236 رنز پر آﺅٹ ہو گئی۔ انہوں نے ابتدائی اوورز میں ہی 3 کھلاڑیوں کو آﺅٹ کر کے مخالف ٹیم کو مشکل میں ڈال دیا۔

میچ کا پہلا دن ختم ہونے کے بعد گفتگو کرتے ہوئے محمد آصف نے کہا کہ ”میں نے گزشتہ میچوں میں بہت اچھی کارکردگی دکھائی ہے لیکن چونکہ آج فائنل میچ ہے اور یہ براہ راست نشر بھی کیا جا رہا ہے، میں صرف محظوظ ہو رہا تھا۔ میرے پاس ضروری ردھم موجود ہے اور یہ ایک بڑا میچ ہے اس لئے صرف بڑے کھلاڑی ہی ایسے مواقعوں پر کارکردگی دکھاتے ہیں۔ میں نے بہترین کھیل پیش کیا اور امید کر رہا ہوں کہ دوسری اننگز میں بھی ایسا ہی ہو گا۔“

قومی ٹیم میں واپسی سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے محمد آصف نے کہا کہ ”میں وہی کر رہا ہوں جو مجھے کرنا چاہئے، باقی سب اللہ کے ہاتھ میں ہے اور اس کے بعد سلیکٹرز پر منحصر ہے۔ میں اپنی بہترین کوشش کر رہا ہوں اور اس سے زیادہ نہیں کر سکتا۔ بنیادی چیزیں اب بھی وہی ہیں جو میں بھولا نہیں اور میں بس محنت کر رہا ہوں۔ میں جانتا ہوں کہ میرے لئے اب بھی جگہ موجود ہیں جو اب تک کسی نے نہیں لی اور میں پراعتماد ہوں کہ میں جلد اپنی جگہ واپس لوں گا۔“

Share this article

Leave a comment