Friday, 29 November 2024


بابائے قوم کا یوم ولادت

 


ایمزٹی وی(کراچی)ملک بھر میں بابائے قوم قائد اعظم محمد علی جناح کا 141واں یوم ولادت ملی جوش و جذبے سے منایا جارہا ہے۔قائد اعظم محمد علی جناح کے 141 ویں یوم ولادت کے موقع پر ملک بھر میں تمام چھوٹے بڑے شہروں،قصبوں اور دیہات میں سرکاری و غیر سرکاری تنظیموں و سیاسی جماعتوں کے زیراہتمام پروقار تقریبات، سیمینارز، کانفرنسز، مذاکروں، مباحثوں کا انعقاد کیا ہے۔

دن کا آغاز وفاقی وصوبائی دارالحکومتوں میں توپوں کی سلامی سے ہوا جب کہ نماز فجر کے بعد بابائے قوم کے درجات کی بلندی، ملک کی بقا و سلامتی اورامن و ترقی کے لیے خصوصی دعائیں مانگی گئیں، یوم قائد کی مناسبت سے سب سے اہم تقریب کراچی میں مزارقائد پر ہوئی جہاں مزار قائد پر گارڈز کی تبدیلی کی پروقار تقریب منعقد ہوئی ، تقریب کے مہمان خصوصی کمانڈنٹ پی ایم اے کاکول میجر جنرل عبداللہ ڈوگر تھے، تقریب میں گارڈز کے فرائض پی ایم اے کاکول کےکیڈٹس کو سونپ دیے گئے۔

بابائے قوم کی خدمات اور ان کی تعلیمات کو اجاگر کرنے کے لیے ریڈیو اور ٹی وی چینلز پر خصوصی پروگرام نشر کئے جارہے ہیں جب کہ پرنٹ میڈیا میں بھی خاص مضامین کی اشاعتوں کا اہتمام کیا گیا ہے، متعدد مقامات پربابائے قوم کی سالگرہ کی مناسبت سے کیک کاٹے جارہے ہیں جب کہ صوبائی دارالحکومتوں میں بانی پاکستان کی انتہائی نادر، نایاب اور تاریخی تصاویر اور ان کے زیر استعمال اشیا کی نمائش بھی منعقد کی گئی ہے۔

 

Share this article

Leave a comment