Friday, 29 November 2024


آج بلاول بھٹو زرداری کی پارلیمانی سیاست آغاز متوقع


ایمز ٹی وی(لاہور ) سابق صدر مملکت آصف علی زرداری کی جانب سے آج بلاول بھٹو زرداری کی پارلیمانی سیاست کی شروعات کرنے کا اعلان متوقع ہے جس کے بعد وہ ضمنی انتخابات میں حصہ لے کر قومی اسمبلی میں پہنچیں گے اور پارلیمانی سیاست کا باقاعدہ آغاز کریں گے۔


ذرائع کا کہنا ہے کہ ایک رکن قومی اسمبلی مستعفی ہو گا اور بلاول بھٹو زرداری ضمنی انتخابات میں حصہ لے کر قومی اسمبلی پہنچیں گے اور اس کیلئے وہ کہیں اور سے نہیں بلکہ اپنی والدہ شہید بینظیر بھٹو کے حلقہ این اے 207 لاڑکانہ سے الیکشن میں حصہ لیں گے جہاں 2013ءکے انتخابات میں سابق صدر مملکت کی بہن اور بلاول کی ”پھوپھو“ فریال تالپور کامیاب ہوئیں تھیں۔


پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے رواں ماہ کے آغاز میں ہی یہ اعلان کیا تھا کہ وہ اپنی والدہ شہید بینظیر بھٹو کے آبائی حلقے سے انتخابات میں حصہ لیں گے۔ پیپلز پارٹی کے یوم تاسیس کے موقع پر بلاول بھٹو نے پارٹی رہنماﺅں سے خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ ”آپ کی حمایت سے میں 2018ءمیں پاکستان کا وزیراعظم بنوں گا۔ اگر آپ نے میرے ساتھ کام کیا اور میرے پارٹی کے رہنماﺅں کی حمایت کی تو وہ وقت ضرور آئے گا جب چاروں صوبوں کے وزیراعلیٰ ہاﺅس، وزیراعظم ہاﺅس اور صدارتی ہاﺅس میں پیپلز پارٹی کا جھنڈا لہرا رہا ہو گا۔“


اس موقع پر انہوں نے اعلان کیا تھا کہ ان کی آنٹی فریال تالپور قومی اسمبلی کی نشست سے استعفیٰ دیدیں گی اور وہ ضمنی انتخابات میں حصہ لیں گے۔ پارٹی کے کئی سینئر رہنماﺅں نے بلاول بھٹو زرداری کو قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 204 سے انتخابات لڑنے کا مشورہ بھی دیا تھا جہاں سے سینئر رہنماءایاز سومرو نے 2013ءکے انتخابات میں کامیابی حاصل کی تھی تاہم نامعلوم وجوہات کی بناءپر سائیڈ لائن ہیں۔ دوسری اور تیسری آپشن کے طور پر بلاول بھٹو زرداری کو یہ مشورہ بھی دیا گیا تھا کہ وہ ملیر یا لیاری سے انتخابات لڑ لیں تاہم وہ اپنی والدہ مرحومہ کی نشست سے جیت کر ہی قومی اسمبلی جانے کے خواہشمند ہیں اور قوی امکان ہے کہ وہ این اے 207 سے ہی انتخابات لڑیں گے۔

بلاول کے اعلان کے بعد یہ خبریں بھی میڈیا کی زینت بنی تھیں کہ 2013ءکے انتخابات میں اس حلقہ سے کامیاب ہونے والی فریال تالپور سے 27 دسمبر کے بعد استعفیٰ لے لیا جائے گا اور آج یعنی 27 دسمبر کو ہی آصف علی زرداری کی جانب سے بلاول بھٹو زرداری کی پارلیمانی سیاست کی شروعات کا اعلان متوقع ہے۔

Share this article

Leave a comment