Friday, 29 November 2024


2016 کے وہ ستارے جو ڈوب گئے


ایمز ٹی وی(انٹرٹینمنٹ) سال 2016 جہاں ہمارے لیئے اچھی اور خوش گوار یادیں چھوڑ کر جا رہا ہے، وہی اس سال کئی اہم شخصیات ہم سے جدا ہوئیں، پاکستان کو دنیا بھر میں شہرت دلانے اور قوم کا نام روشن کرنے والی معروف شخصیات 2016میں اس دنیا سے رخصت ہوگئیں، ان کی بے شمار یادیں اب ہمارا قیمتی سرمایہ ہیں۔
عبدالستار ایدھی:
انسانیت کے عظیم علمبردار طویل علالت کے بعد 8جولائی کو اس دنیا سے رخصت ہوگئے اور انہیں ان کی خدمات کے صلے میں سرکاری اعزاز کے ساتھ دفن کیاگیا۔
انتظار حسین:
پاکستان کے معروف افسانہ اور ناول نگار،جن کا شمار موجودہ عہد میں پاکستان ہی کے نہیں بلکہ اردو فکشن، خاص طور پر افسانے یا کہانی کے اہم ترین ادیبوں میں کیا جاتا ہے 2 فروری کوخالق حقیقی سے جا ملے
جنید جمشید:
شوبز کی چکا چوند کو خیرباد کہہ کر اپنی زندگی اسلام کے لئے وقف کردینے والے اسٹار جنید جمشید 7دسمبر کو حویلیا ں کو قریب طیارہ حادثہ میں شہید ہو گئے
فاطمہ ثر یا بجیا:
ادبی دنیا میں مصروف عمل رہنے والی ملک کی معروف ڈرامہ نگار اور ادیبہ فاطمہ ثریا بجیا 85 (پچاسی)سال کی عمر میں 10فروری کو کراچی میں انتقال کر گئی ۔حکومت پاکستان نے ان کی خدمات کے صلے میں انھیں تمغہ حسن کارکردگی اور ہلال امتیاز سے بھی نوازا۔
شائلہ بلوچ:
پاکستان کی خواتین کی قومی فٹ بال ٹیم کی کھلاڑی شائلہ بلوچ کار حادثے میں13اکتوبر کو ہلاک ہو گئیں۔ شائلہ نے بین الاقوامی سطح پر کئی میچوں میں پاکستانی ٹیم کی نمائندگی بھی کی۔
قوال امجد صابری:
بین الاقوامی شہرت یافتہ قوال امجد صابری کو 22جون ان کی رہائش گاہ کے قریب ٹارگیٹ کلنگ میں شہید کردیاگیا۔امجد صابری دنیا کے مختلف ممالک میں قوالی پیش کرکے داد سمیٹنے کے علاوہ بھارت کی مختلف فلموں کے لیے بھی قوالیاں گا چکے تھے۔
قندیل بلوچ:
سوشل میڈیا پر تنازعات کا شکار رہنے والی ماڈل قندیل بلوچ نے سوشل میڈیا سے شہرت پائی اور15جولائی کو ملتان میں اپنے بھائی کے ہاتھوں قتل کا شکار ہوئیں
نشا ملک:
اپنی موت سے آٹھ ما ہ قبل شوبز کی دنیا میں قدم رکھنے والی ماڈل اپنی صلا حیتوں کے باعث تیزی سے شہرت کی طرف بڑھ رہی تھی کہ اچا نک گھریلو تنازعات سے تنگ آکر2 ستمبر کو اس دنیا سے چل بسیں۔
میڈم شمیم آرائ:
ماضی کی مشہور اداکارہ اور ہدایت کارہ شمیم آرا طویل علالت کے بعد78(اٹھتر)برس کی عمر میں5اگست کو لندن میں دم توڑ گئیں۔انھیں پاکستان کی پہلی کامیاب خاتون ہدایت کارہ ہونے کا اعزاز بھی حاصل ہے۔
قسمت بیگ:
مسلسل حملوں کا شکار ہونے والی اسٹیج اداکارہ قسمت بیگ ہر بنس پورہ کے قریب نامعلوم افراد کی فائرنگ سے زخمی ہوئی اور24نومبر کو اسپتال میں دوران علاج دم توڑ گئیں۔
ندا فاضلی:
انسان دوست شاعر سے مشہور ہونے والے شاعر اور نغمہ نگار ندا فا ضلی 8فروری کو77برس میں انتقال کر گئے ۔
حبیب الر حمٰن:
پاکستانی سینما اور ٹی وی کے معروف سینئیر اداکار حبیب الر حمٰن دو مرتبہ بہترین اداکارکے ایوارڈ اور صدارتی تمغہ حسن کارکردگی سے نوازے گئے اور طویل علالت کے بعد25 فروری کو81(اکیاسی)سال کی عمر میں انتقال کر گئے۔
اداکارلاڈلہ:
مولا جٹ سمیت سینکڑوں فلموں میں مزاحیہ کرداراداکرنیوالے اداکارلاڈلہ کو کون نہیں جانتا،چالیس سالہ فنی کیریئر میں ایک سوسے زائدفلموں میں کام کرنے کے بعد ایمر جنسی کی حالت میں 15 ستمبر کو اسپتال داخل ہوئے اور واپس پلٹ کر نہ آسکے۔
اے نئیر:
پلے بیک سنگنگ میں نمایاں مقام حاصل کرنے والے پاکستان کے معروف گلوکار اے نیئر عارضے قلب میں مبتلا تھے جس کے باعث11نومبر کو لاہور میں اپنی زندگی کی سانسیں مکمل کرتے ہوئے سفر آخرت پر روانہ ہو گئے۔
عمر دراز خان:
ولن کا کردار ادا کرنے والے پشتو فلم انڈسٹری کے اداکار عمر دراز خلیل برین ہیمرج کے باعث16دسمبر کو انتقال کر گئے
معشوق سلطان:
صدارتی تمغہ برائے حسن کارکردگی سے نوازے جانے والی پشتو زبان کی معروف گلوکارہ معشوق سلطان ہیپاٹائٹس کے باعث19دسمبر کو اللہ کو پیاری ہوگئیں۔
نصیر بھائی:
نامور ٹی وی شخصیت، پاکستانی اور ہندوستانی فلمی گانوں کے چلتے پھرتے انسائیکلوپیڈیا کہلانے والے محمد نصیر عرف نصیر بھائی 26جون کو اس دنیا سے چل بسے۔
محمد علی:
باکسنگ کی دنیا کے مایا ناز مسلم باکسر محمد علی بھی اسی سال3جون کو دیار فانی سے رخصت ہوئے۔

 

Share this article

Leave a comment