Friday, 29 November 2024


دنیابھر نے تسلیم کیا آپریشن میں مثبت نتائج حاصل ہوئے، نواز شریف

ایمز ٹی وی(اسلام آباد) وزیر اعظم نواز شریف کی زیر صدارت خارجہ امورپر اعلی سطح کا اجلاس ہوا جس میں دیگر ممالک کے ساتھ تعلقات اور اسٹریٹجک پارٹنر شپ کا جائزہ لیا گیا

اجلاس میں وزیراعظم کی زیر صدارت اجلاس میں آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ ،وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار ، وزیر خزانہ اسحاق ڈار،ڈی جی آئی ایس آئی لیفٹیننٹ جنرل نوید مختار ،مشیر خارجہ سرتاج عزیز ،معاون خصوصی طارق فاطمی ،مشیر قومی سلامتی لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ ناصر خان جنجوعہ اور وزیر اعظم کے سیکریٹری سمیت دیگر افسران نے شرکت کی ۔

اجلاس میں خارجہ امور کے حوالے سے مختلف چیلنجز کی صورت میں مناسب ردعمل کے لیے مختلف آپشنز کا جائزہ لیا گیا ۔اس موقع پر خطے کو درپیش ایشوز ،ہمسایہ ممالک کے ساتھ باہمی اور کثیر الملکی تعلقات ،،خطے کے استحکام کے لیے مستقبل کے روڈ میپ ،تمام ممالک کے ساتھ باہمی مفاد پر مشتمل تعلقات استوار کرنے اوراندرونی و بیرونی سیکیورٹی صورتحال پر غور کیا گیا ۔ اجلاس میں اتفاق کیا گیا کہ پاکستان کی کوششوں اور قربانیوں سے دہشت گردی کے خلاف آپریشن میں مثبت نتائج حاصل ہوئے جسے دنیابھر نے تسلیم کیا۔اجلاس میں وزیر اعظم نے زور دیا کہ پاکستان خطے میں موجود تمام لوگوں سے پر امن تعلق کا خواہ ہے اور دیگر ممالک کے ساتھ باہمی مفاد پر مشتمل تعلقات چاہتا ہے ۔انہوں نے کہا کہ پر امن تعلقات ،باہمی عزت اور خطے کی معاشی ترقی ہمار ا مقصد ہے جسے حاصل کرنے کے لیے کوششیں جاری ہیں ۔ان کا کہنا تھا کہ پاک چین اقتصادی راہداری خطے کی خوشحالی اور پاکستان کے مفاد کے لیے انتہائی اہم بنیاد ہے

Share this article

Leave a comment