Friday, 29 November 2024


صنعت کاروں کاسی پیک کے روٹ پراعتراض

 

ایمز ٹی وی ( تجارت) تاجروں نے سی پیک کے روٹ پر چین کی جانب سے صنعتیں اور گودام تیار کرنے کے منصوبے پر تحفظات کا اظہار کردیا۔

سی پیک کے روٹ پر چینی صنعتوں کے قیام پر تحفظات پنجاب کے تین اہم صنعتی شہروں گجرات، گجرانوالہ اور سیالکوٹ کے چیمبرز آف کامرس کی جانب سے سامنے آئے ہیں، تینوں چیمبرز کے رہنماؤں نے وفاقی حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ چین کی جانب سے صنعتی مراکز کے منصوبوں کے پلان پر ان صنعتی شہروں کی کاروباری برادری کو اعتماد میں لے۔

تاجروں کو خدشہ ہے کہ ایسا ہونے کی صورت میں پاکستان کنزیومر مارکیٹ بن کر رہ جائیگا، جس سے مصنوعات سازی کا شعبہ مزید کمزور پڑے گا۔

تاجر نمائندوں کے اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ براہ راست وزیراعظم سے ملاقات کرکے یہ تحفظات اُن تک پہنچائے جائیں۔

تاجروں نے مقامی صنعتی مراکز پر ایف بی آر کی جانب سے چھاپوں اور کاروباری برادری سے تعلق رکھنے والے افراد کے بینک اکاؤنٹس سیل کرنے پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ایف بی آر ٹیکس ادا نہ کرنے والوں کو ٹیکس نیٹ میں لانے کے بجائے اُن کاروباری افراد کے لیے مشکلات پیدا کررہا ہے جو پہلے ہی ٹیکس ادا کرتے ہیں۔

اجلاس میں اس بات کا بھی فیصلہ کیا گیا کہ چیمبرز کے صدور وزیراعظم نواز شریف کے ساتھ خصوصی ملاقات کریں گے اور سی پیک کے روٹ پر بننے والے چینی صنعتی مراکز کے قیام پر اپنے تحفظات کا اظہار کریں گے۔

 

Share this article

Leave a comment