Friday, 29 November 2024


کینگروز کو قابو کرنے کی کوشش ناکام

 

ایمز ٹی وی (اسپورٹس) سڈنی ٹیسٹ کے پہلے روز کینگروز کو قابو کرنے کی کوششیں ناکام ہوگئیں۔پاکستانی بولر پورے دن میں صرف 3ہی وکٹیں گراسکے۔

بیٹسمینوں کی شاندار کارکردگی کے باعث آسٹریلیا نے صرف3وکٹوں کے نقصان پر365رنز بنالئے،میٹ رنشا نے 167رنز پر ناٹ آؤٹ ہیں جبکہ وارنر نے دھواں دار 113رنز بنائے۔

سیریز کے تیسرے اور آخری ٹیسٹ میں آسٹریلوی کپتان اسٹیون اسمتھ نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا، جو درست ثابت ہوا۔

اوپنر ڈیوڈ وارنر اور میٹ رنشا نے اننگز کا آغاز کیا۔ دونوں بیٹسمینوں نے 151رنز کا آغاز فراہم کیا جس میں ڈیوڈ وارنر کےتیزرفتار 113رنز شامل تھے، ٹیسٹ میچوں میں یہ ان کی 18ویں سنچری ہے۔

ڈیوڈ وارنر نےصرف 78گیندوں کی مدد سے کھانے کے وقفے سے قبل ہی سنچری بنا ڈالی۔

اس طرح وارنر دنیاکے پانچویں بیٹسمین بن گئے، جنہوں نے میچ کے پہلے ہی روز لنچ سے قبل سنچری بنائی۔ آسٹریلیا کے ڈان بریڈمین ، چارلس مک کارٹنی، وکٹر ٹرمپراور پاکستانی اوپننگ بیٹسمین ماجد خان یہ اعزاز حاصل کرچکے ہیں۔

عثمان خواجہ13 اور کپتان اسمتھ 24رنز بناکر پویلین لوٹ گئے،میٹ رنشا نے محتاط انداز میں بیٹنگ کرتے ہوئے ٹیسٹ کیریئر کی پہلی سنچری مکمل کی۔

پہلے روز کھیل کے اختتام پرکینگروزنے صرف تین وکٹوں کے نقصان پر 365رنز بنالئے تھے، میٹ رنشا 167اور ہینڈز کومب40رنز کے ساتھ کریز پر موجود تھے۔ پاکستان کی طرف سے وہاب ریاض نے دو جبکہ یاسر شاہ نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

 

Share this article

Leave a comment