Friday, 29 November 2024


کشمیرسے کراچی تک سردی کا راج

 

ایمز ٹی وی(کراچی ) نیویارک اور ماسکو میں کتنی برف گری ہے اسے چھوڑیئے! خوشی کی با ت یہ ہے کہ وطن عزیز میں بھی بارش اور برفباری ہوگئی ہے۔ کشمیرسے کراچی تک سردی کا راج ہے اور ہاں سنئے کنٹرول لائن پر گولہ باری کے بعد اب برفباری کا سلسلہ شروع ہو چکا ہے۔ نتیجتاً پہلے دشمن کی فوجیں خاموش ہو جاتی تھیں مگر اب ٹھنڈی پڑتی ہیں جہاں برف جمی ہے وہاں اور بھی کئی چیزیں جم رہی ہیں۔

جب گرمی سے برف پگھلے گی تو کئی حقائق سامنے آئیں گے۔ فی الحال تو لوگ قدرت کی اس عطا کا مزہ لے رہے ہیں پانی فضا میں اچھال رہے ہیں اور برف سمیٹ رہے ہیں ہمارے تو اتنی سردی دیکھ کر دانت بج رہے ہیںا ور جنہیں سردی کا شد ت سے انتظار تھا وہ خوشی سے بغلیں بجا رہے ہیں۔

دنیا بھر میں سردی اور برفباری ہو رہی ہے لیکن کراچی والے سرد ہوائوں سے ہی ہلنے لگے ہیں۔ اہل کراچی سردی کی شدت کو زیادہ پسند کرتے ہیں وہ کوئٹہ والوں کے شکر گزار ہیں جو تھوڑی سی سرد ہوائیں بھیج دیتے ہیں جس سے ہم سردی کا موسم انجوائے کر لیتے ہیں۔ سردیوں کی سرد اور لمبی راتیں عموماً بھاری لگتی ہیں اور سردیوں میں پرانے زخموں سے بھی درد کی ٹیسیں اٹھنے لگتی ہیں۔

کچھ لوگوں سے سردی اور کچھ لوگوں سے گرمی برداشت نہیں ہوتی۔ لیکن قانون قدرت ہے کہ گرمی سردی اور برفباری سب باری باری آتےہیں اور کارخانہ قدرت اسی طرح چلتا رہتا ہے۔ خواہ آپ کو کوئی موسم پسند ہو یا نہ ہو۔ کچھ لوگ موسم سے متضاد مزاج رکھتے ہیں جب سردی میں لوگ ٹھنڈا پانی پینے سے گریز کرتے ہیں وہ آئس کریم کھانے نکل جاتے ہیں کولڈ ڈرنک پینے سے بھی گریز نہیں کرتے۔ ہو سکتا ہے جس طرح کراچی میں لوگ کہتے ہیں کہ گرمی میں چائے پینےکا مطلب یہ ہے کہ گرمی کو گرمی سے مارنا ہے اسی طرح مذکورہ لوگ بھی سردی کو سردی سے مارنا چاہتے ہیں اب چلتے چلتے اکبر الہ آبادی کا یہ شعر آپ کی نذر کرتا ہوں ؎ سرد موسم تھا ہوائیں چل رہی تھیں برف بار شاید معنی نے اوڑھا تھا ظرافت کا لحاف

 

Share this article

Leave a comment