Friday, 29 November 2024


صاف پانی پروگرام انتہائی اہمیت کا حامل منصوبہ ہے، شہباز شریف

 

ایمز ٹی وی(لاہور) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کی زیر صدارت یہاں تین گھنٹے طویل اجلاس منعقد ہوا

جس میں صاف پانی پروگرام کو تیز رفتاری سے آگے بڑھانے کے حوالے سے مختلف تجاویز ، سفارشات اور اقدمات کا جائزہ لیاگیا۔عالمی بنک کے ماہرین نے غیر فعال دیہی واٹر سپلائی سکیموں کی بحالی کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔

وزیر اعلی محمد شہباز شریف نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ صاف پانی پروگرام انتہائی اہمیت کا حامل منصوبہ ہے اوراس پروگرام کو احساس ذمہ داری اور پیشہ وارانہ انداز سے آگے بڑھانے کی ضرورت ہے،منصوبے میں پہلے ہی تاخیر ہو چکی ہے، اب اس میں ایک لمحے کی بھی تاخیر کی گنجائش نہیں ۔

انہوں نے کہا کہ صاف پانی پروگرام کے تحت دیہی آبادی کو پینے کا صاف پانی کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی۔ اس پروگرام کے تحت پنجاب حکومت صوبے بھر میں ہزاروں واٹر فلٹریشن پلانٹ لگا رہی ہے ۔واٹر سیکٹر میں عالمی بنک اور دیگر کمپنیوں اور ماہرین کے تجربے سے فائدہ اٹھائیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ مفاد عامہ کے اس منصوبے کا براہ راست تعلق انسانی صحت سے جڑا ہے ۔ صاف پانی سے نہ صرف مختلف امراض سے محفوظ رہا جا سکتا ہے بلکہ یہ عوام کی بنیادی ضرورت بھی ہے اورمنصوبے پر تیزرفتاری سے کام کرنا ہو گا ۔

انہوں نے کہا کہ غیر فعال واٹر سپلائی سکیموں کی بحالی کیلئے عالمی بنک کی تکنیکی معاونت سے فائدہ اٹھائیں گے اور ان سکیموں کی بحالی کیلئے عالمی بنک کے ماڈ ل کا جائزہ لیا جائے۔ دیہی واٹر سپلائی سکیموں کی بحالی کا جامع پلان مرتب کر کے اس پرتیزی سے عملدرآمد کرنا ہو گا۔ صوبائی وزرا ء ملک ندیم کامران ، سید ہارون احمد سلطان، چیف سیکرٹری ، چیئرمین منصوبہ بندی و ترقیات، متعلقہ محکموں کے سیکرٹریز ، واٹر سیکٹر سے تعلق رکھنے والے اداروں کے سربراہان ، عالمی بنک کے ماہرین اور دیگر متعلقہ حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔

 

Share this article

Leave a comment