Friday, 29 November 2024


وزیر اعظم نے ایک لاکھ سے زائد صحت کارڈ جاری کردیئے

 


ایمزٹی وی(نارووال)نارووال میں ہیلتھ کارڈ کے اجرا سے متعلق ایک تقریب کا اہتمام کیا گیا جس میں وفاقی وزیر احسن اقبال ،وفاقی وزیر صحت سائرہ افضل تارڑ اور دانیا ل عزیز سمیت مختلف رہنماﺅں اور ہیلتھ افسران نے شرکت کی ۔

اس موقع پر وزیراعظم میاں محمد نواز شریف نے نارووال میں ایک لاکھ ساٹھ ہزار صحت کارڈجاری کردئیے ۔ان کا کہنا ہے کہ کچھ لوگوں کو جھوٹ کی عادت چھو ڑ کر عوامی خدمت اور ترقی میں کردار ادا کرنا چاہیے ۔انہوں نے کہا کہ جو لوگ اپنا علاج نہیں کراسکتے ،معاشرے میں ایسے طبقے کے لیے علاج معالجے کی بنیادی سہولتیں فراہم کرنا حکومت کا فرض ہے۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ کچھ لوگوں کے پاس علاج معالجے کے لیے پیسے نہیں ہوتے اس لیے وہ چھوٹے موٹے حکیموں کے پاس جاتے ہیں کیونکہ وہ ہسپتال نہیں جا سکتے ۔غریبوں کو علاج معالجے کے لیے اپنے گھر بیچنے پڑ جاتے ہیں ،قرضے لینے پڑتے ہیں ،اپنے بچوں کو اسکول سے اٹھانا پڑتا ہے اور فاقوں تک نوبت آجاتی ہے ،پھر غریبوں کے بچے چھوٹی چھوٹی نوکریوں پر لگ جاتے ہیں تاکہ گزر بسر کر سکیں ۔انہوں نے کہا کہ یہ معاشرے کی نا انصافیاں ہیں جن کا علاج ضروری ہے ۔

انہوں نے کہا کہ کچھ سیاستدان ہر روز جھوٹ بولتے ہیں ،منگل اور بدھ کو تو گوشت کا بھی ناغہ ہوتا ہے لیکن ان سیاستدانوں کا ناغہ نہیں ہوتا ،ایسے سیاستدان اتنے غلیظ الزامات لگاتے ہیں کہ میں سوچنے پر مجبور ہو جاتا ہوں یہ کیسے لوگ ہیں ۔وزیراعظم نے کہا کہ اب قوم خوشحالی کے راستے پر چلنا شروع ہو گئی ہے ،اس کو چلنے دو ،راستہ مت روکو

 

Share this article

Leave a comment