Saturday, 30 November 2024


پاکستان نے کینگروز کو دبوچ لیا 221 رنز کا ہدف


ایمز ٹی وی(اسپورٹس) دوسرے ون ڈے میچ میں آسٹریلیا نے پاکستان کو جیت کیلئے 221 رنز کا ہدف دیدیا ہے۔ پاکستانی باﺅلرز نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے کینگروز کو دبوچ لیا اور پوری ٹیم 48.2 اوورز میں 220 رنز بنا کر آﺅٹ ہو گئی۔ آسٹریلیا کی جانب سے کپتان سٹیو سمتھ 60 رنز بنا کر نمایاں بلے باز ہے۔


مطابق میلبورن کرکٹ گراﺅنڈ میں کھیلے جا رہے میچ میں آسٹریلیا نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا تاہم اوپنرز اچھا آغاز فراہم کرنے میں ناکام رہے اور صرف 31 کے مجموعی سکور پر ڈیوڈ وارنر 16 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔ عثمان خواجہ بھی خاطر خواہ کارکردگی کا مظاہرہ کرنے میں ناکام رہے اور 40 کے مجموعی سکور پر 17 رنز بنا کر جنید خان کا شکار ہوئے۔


مجموعی سکور میں صرف 1 سکور کے اضافے کے بعد مچل مارش بھی کھاتہ کھولے بغیر ہی محمد عامر کی گیند پر عماد وسیم کے ہاتھوں کیچ ہو گئے۔ اس موقع پر آسٹریلیا ٹیم مشکلات کا شکار دکھائی دے رہی تھی تاہم کپتان سٹیو سمتھ اور ٹریوس ہیڈ نے چوتھی وکٹ کی شراکت میں 45 رنز کا اضافہ کر کے مجموعی سکور کو 86 تک پہنچا دیا۔ اس موقع پر حسن علی نے ٹریوس ہیڈ کی اننگز کا خاتمہ کر دیا اور وہ 29 رنز بنا کر محمد رضوان کے ہاتھوں کیچ ہو گئے۔


پہلے میچ میں جارحانہ بلے بازی کرنے والے گلین میکس ویل بھی زیادہ دیر کریز پر ٹک نہ پائے اور 128 کے مجموعی سکور پر 23 رنز بنا کر عماد وسیم کی گیند پر کلین بولڈ ہو گئے۔ گلین میکس ویل کے پویلین لوٹنے کے باعث آسٹریلوی ٹیم مزید مشکلات میں گھر گئی تاہم اس اہم موقع پر کپتان سٹیو سمتھ نے میتھیو ویڈ کے ساتھ مل کر چھٹی وکٹ کی شراکت میں 65 رنز جوڑ کر مجموعی سکور کو 193 پر پہنچا دیا اور ٹیم کی ڈوبتی کشتی کو تھوڑا سہارا دیا۔

سٹیو سمتھ بھی 65 رنز کی اننگز کھیل کر ہمت ہار گئے اور عماد وسیم کی گیند پر کلین بولڈ ہو گئے۔ مجموعی سکور میں صرف 6 رنز کے اضافے کے بعد میتھیو ویڈ بھی 35 رنز بنا کر شعیب ملک کی گیند پر کلین بولڈ ہو گئے۔ آسٹریلیا کی آٹھویں وکٹ 207 کے مجموعی سکور پر گری جب مچل سٹارک 3 رنز بنا کر جنید خان کی تھرو پر رن آﺅٹ ہوئے۔ نوویں آﺅٹ ہونے والے کھلاڑی پیٹ کومنز تھے جو کھاتہ کھولے بغیر ہی محمد عامر کی گیند پر محمد رضوان کے ہاتھوں کیچ ہوئے۔ جیمز فالکنر بھی زیادہ دیر مزاحمت نہ کر سکے اور 19 رنز بنا کر محمد عامر کی گیند پر اسد شفیق کے ہاتھوں کیچ ہو گئے اور یوں پوری ٹیم مقررہ 50 اوورز کھیلنے میں بھی کامیاب نہ ہو سکی اور 48.2 اوورز میں 220 رنز ہی بنا سکی۔

پاکستانی باﺅلرز نے مجموعی طور پر عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے۔ فاسٹ باﺅلر محمد عامر نے بہترین باﺅلنگ کرتے ہوئے 3 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی جبکہ جنید خان اور عماد وسیم نے 2,2 اور حسن علی اور شعیب ملک نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

Share this article

Leave a comment