Friday, 29 November 2024


رشی کپور نے "کھلم کھلا "میں انکشافات کا پٹارا کھول دیا

 

 

ایمز ٹی وی(انٹرٹینمنٹ) بالی ووڈ میں بائیو پکس ری مِکس کے ساتھ ساتھ سوانح عمری لکھنے کا سلسلہ عروج پر پہنچ گیا ہے جیسا کہ بالی وڈ اپنی بھیڑ چال کیلئے مشہور ہے۔ اب جسے دیکھو وہ اپنی زندگی پر کتاب شائع کرنے میں مصروف ہے اور ظاہر ہے ہر کسی کی کوشش ہوتی ہے کہ زیادہ سے زیادہ لوگ اس کتاب کو پڑھیں۔ اس لیے کتاب میں بھر پور مصالحہ بھی ڈالا جاتا ہے اور اپنے بارے میں زبردست انکشافات بھی کیے جاتے ہیں۔ جیسا کرن جوہر نے اپنی کتاب” ان سوٹ ایبل بوائے“ میں اپنے اور اپنے دوستوں کے بارے میں کئی انکشافات کئے۔
 
اس دوڑ میں رشی کپور سب سے آگے نکل گئے۔ انھوں نے اپنی کتاب ”کھلم کھلا“میں کچھ بھی پردے میں نہیں رکھا۔
انھوں نے اپنے بارے میں تو چھوڑیے اپنے پاپا راج کپور تک کے عشق کے قصے کھل کر بیان کر ڈالے،اب چاہے وہ نرگس کے ساتھ ہوں یا پھر وجینتی مالا کے ساتھ انھوں نے راج کپور کی رنگین زندگی پر کھل کر روشنی ڈالی۔رشی کپور اپنی چرب زبانی کیلئے خاصے مشہور ہیں اب ان سے کوئی یہ پوچھے کہ کیا وہ راج کپور کی زندگی میں کھلم کھلا یہ انکشافات کرنے کی جرات کر سکتے تھے۔اپنی سوانح حیات ” کھلم کھلا“ میں بالی وڈ اداکار رشی کپور نے لکھا ہے کہ امیتابھ بچن کی کامیابی میں ان کے ساتھی فنکاروں کا برابر کا تعاون رہا ہے۔
ذرائع ابلاغ کے مطابق رشی کپور نے امیتابھ بچن کے ساتھ ”کبھی کبھی، امر اکبر انتھونی، قلی، نصیب اور عجوبہ“ جیسی کامیاب فلموں میں کام کیا ہے۔رشی کپورکا کہنا ہے کہ امیتابھ کی کامیابی میں ان تمام جونیئر فنکاروں کا بھی اہم کردار رہا ہے جن کے ساتھ انہوں نے کام کیا ہے۔اپنی سوانح حیات ” کھلم کھلا“ میں لکھا ہے کہ ششی کپور، شتروگھن سنہا، دھرمیندر اور ونود کھنہ جیسے فنکاروں نے امیتابھ کے ساتھ سیکنڈری رول نبھا کر ان کے کرداروں کو تقویت بخشی۔رشی نے کہا کہ کبھی کبھی فلم کی شوٹنگ کے دوران ان کی امیتابھ سے زیادہ بات نہیں ہوتی تھی، ”امر اکبر انتھونی“ کے دوران دونوں نے آپس میں بات چیت شروع کی تھی۔
انہوں نے اپنے من کی یہ بات بھی شیئر کی ہے کہ امیتابھ عظیم فنکار ہیں لیکن ہم بھی کم نہیں تھے۔ہمارامقابلہ ہمیشہ امیتابھ کی قابلیت سے کیا جاتا تھا۔اس دور میں ایکشن ہیرو کی ڈیمانڈ تھی رومانوی ہیرو کی نہیں اور امیتابھ تو دونوں ہی طرح کے کردار بخوبی کر لیتے تھے، لیکن امیتابھ نے ان فلموں میں کام کیا ہے، جس میں دوسرے آرٹسٹ بھی ہوتے تھے، وہ بھی سب بہترین اداکاری کرتے تھے ، لیکن مکمل کریڈٹ امیتابھ کو ہی جاتا تھا۔
 

 

 

Share this article

Leave a comment