Friday, 29 November 2024


انشاء اللہ وزیراعظم عدالت میں سرخرو ہونگے خواجہ آصف

 

ایمزٹی وی(سیالکوٹ)مسلم لیگ ن کے ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ انشاء اللہ وزیراعظم عدالت میں سرخرو ہونگے اور2018 ء میں عوامی عدالت میں بھی سرخرو ہونگے۔کہ وزیراعظم نے اپنی تین نسلوں کا حساب دیا ہے حواس باختہ لوگ پارسائی کا سبق نہ دیں۔دنیا میں کسی لیڈر نے اپنی تین نسلوں کا حساب نہیں دیا،الزام لگانے والے اپنے گریبانوں میں نہیں جھانکتے۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر نے کہا کہ 2017 ء کے آغاز سے الیکشن کا سال شروع ہوگیا ہے،سیالکوٹ میں 18 کروڑ کی ابتدائی رقم سے سمبڑیال کے قریب نسٹ کے کیمپس کیلئے 150 ایکڑ زمین مختص کردی گئی ہے،سمبڑیال سے نئی سڑک کی تعمیر شروع ہوگی۔انہو ں نے کہا کہ ہم نے خالی نعرے نہیں لگائے،صرف اقتدار کی جنگ نہیں لڑی عوامی خدمت کا سفر جاری رکھا ہے،سیالکوٹ کے مسائل میں نمایاں کمی آئی ہے،مخالفین نے ہر قدم پر رکاوٹیں کھڑی کرنے کی کوشش کیں۔
2018 ء میں ہم روشن پاکستان دیکھیں گے اور بجلی کی لوڈشیڈنگ ختم ہوگی،ہم نے سیالکوٹ کو میڈیکل یونیورسٹی اور خواتین یونیورسٹی کے منصوبے دیئے۔خواجہ آصف نے مزید کہا کہ دہشتگردی مکمل نہیں تو ستر اسی فیصد ختم ہوگئی ہے،ٹھوس اقدامات سے دہشتگردی کم ہوئی،سینکڑوں جانیں ضرب عضب میں بہادر فوجیوں کی قربان ہوچکی ہے۔ جب تک مذہب بکتا رہے گا امت کبھی متحد نہیں ہوسکے گی۔
ان کا کہنا تھا کہ میں نے اسمبلی میں کہا تھاکہ جس وقت لوگوں کے آباؤ اجداد کرپشن کی وجہ سے نوکریوں سے نکالے جارہے تھے میرے قائد کا خاندان لوگوں کو روزی فراہم کررہا تھا،یہ روشن مثالیں میرے قائد نے قائم کی ہیں اس کی کوئی تقلید تو کرکے دکھائے۔وفاقی وزیر نے کہا کہ بغیر کسی حیا اور شرم کے الزام لگادیئے جاتے ہیں،ہم وفاؤں کا حق ادا کرنا جانتے ہیں۔

 

Share this article

Leave a comment