Saturday, 30 November 2024


پی ایس پی کے جلسے کی تیاریاں مکمل

 

ایمزٹی وی(کراچی)پاک سرزمین پارٹی کے زیر اہتمام آج بروز اتوار ایک عظیم الشان جلسہ منعقد کیا جارہا ہے، اس سلسلے میں پاک سرزمین پارٹی کی مرکزی قیادت گزشتہ روز سے جلسہ گاہ میں موجود ہے اور جلسے کی تیاریوں میں مصروف عمل ہیں۔
ہفتے کی شب صدر پاک سرزمین پارٹی انیس قائم خانی نے مرکزی رہنماؤں کے ہمراہ جلسہ گاہ کا دورہ کیا اور انتظامات کا جائزہ لیا، اس موقع پر انیس قائم خانی نے کارکنان و جلسہ گاہ میں موجود لوگوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ آپ لوگ جس مقصد کیلئے یہ کام کررہے ہیں وہ بہت بڑا کام ہے اور اس نیک مقصد کیلئے آپ کی محنت ہرگز رائیگاں نہیں جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ اگر ایک ماں کے بچے کو صحیح راہ پر لے آئے تو اس سے بڑا کام کوئی نہیں ہے، ہماری قوم کے لوگ پڑھے لکھے، باشعور اور تہذیب یافتہ سمجھے جاتے تھے ، آج را کے ایجنٹ ہونے کا طعنہ ملتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاک سرزمین پارٹی واحد جماعت ہے جس میں آنے کیلئے لوگ اپنی آسائشیں اور سیٹوں کی قربانی دیتے ہیں اور پھر ہماری جدوجہد میں ہمارا ساتھ دیتے ہیں۔
انیس قائم خانی نے عوام الناس سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ یہ جلسہ مصطفی کمال کو وزیر اعظم بنانے کیلئے نہیں بلکہ غربت اور مسائل کی چکی میں پستی ہوئی عوام کو ان کے جائز و حقیقی وسائل دلوانے کی جدوجہد ہے، کراچی کے عوام اپنی زندگی کے صرف چند گھنٹے 29جنوری کے دن تبت سینٹر پر پاک سرزمین پارٹی کی جانب سے لگائی جانے والی عوامی عدالت کو دیں، ہم عوامی مینڈیٹ کے ساتھ حکمرانوں کو اپنے مسائل کو حل کرنے کیلئے مجبور کریں گے اور ان سے اپنے حقوق لے کر رہیں گے۔

 

Share this article

Leave a comment