Saturday, 30 November 2024


اوبر اور کریم ٹیکسی سروس کو نوٹس جاری

 

ایمز ٹی وی(کراچی) پنجاب حکومت کے بعد سندھ حکومت نے بھی آن لائن ٹیکسی سروس بند کرنے کی تیاریاں شروع کر دی ہیں اور سیکرٹری ٹرانسپورٹ طحہٰ فاروقی نے اوبر اور کریم کی ایپلی کیشنز بند کرنے کیلئے پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) کو خط لکھ دیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزیر ٹرانسپورٹ ناصر شاہ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سندھ حکومت اگر ان سروسز کو فوری طور پر بند کرنا چاہتی تو کر سکتی تھی لیکن پنجاب حکومت کی طرح ان سروسز پر پابندی نہیں لگائی گئی بلکہ انہیں چند قانونی تقاضے پورے کرنے کیلئے خط لکھا ہے۔
انہوں نے کہا کہ کراچی میں اوبر سروس میں نے شروع کروائی اور اس کا افتتاح بھی اپنے ہاتھوں سے کیا، یہ اور دیگر اس طرح کی سروسز اچھی ہیں اور چاہتے ہیں کہ چلتی رہیں مگر انہیں قانونی تقاضے پورے کرنا ہوں گے اور ان کے بغیر انہیں کام نہیں کرنے دیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ اوبر ٹیکسی سروس کو 2 ماہ پہلے نوٹس بھیجے گئے لیکن کوئی جواب نہیں دیا گیا۔ ٹیکسی کیلئے گاڑی کا روٹ پرمٹ بنوانا، گاڑی کو کمرشل کرنا اور مالکان کو گاڑیوں کا فٹنس سرٹیفکیٹ لینا ہولازمی ہوتا ہے۔
اوبر اور کریم نے قانونی تقاضے پورے نہیں کئے اس لئے انہیں صرف نوٹس جاری کئے گئے ہیں اور پنجاب حکومت کی طرح انہیں بند نہیں کیا گیا۔

 

Share this article

Leave a comment