Friday, 29 November 2024


بیواؤں کے قرضے معاف کرنے پر غور

 

ایمز ٹی وی (تجارت) وفاقی حکومت نے ملک بھر کی 5 ہزار بیواؤں کے ہاؤس بلڈنگ فنانس کارپوریشن سے حاصل کردہ قرضے معاف کرنے کا اصول فیصلہ کرتے ہوئے سمری منظوری کے لیے وزیر خزانہ کو بھیج دی ہے۔ تفصیلات کے مطابق وفاقی حکومت نے 5 ہزار بیواؤں کے ہاؤس بلڈنگ فنانس کارپوریشن سے حاصل کردہ قرضے معاف کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے، اس ضمن میں ایچ بی ایف سی کے بورڈ آف ڈائریکٹر نے بھی بیواؤں کے واجب الادا قرضوں کے تمام بقایا جات معاف کرنے کی منظوری دے دی ہے۔ قرضہ حاصل کرنے والی بیواؤں کی مکمل تفصیلات یکجا کر کے محکمہ جاتی کارروائی مکمل کرلی گئی ہے تاہم مزید بیوہ خواتین کی تصدیق کا عمل جاری ہے جو جلد مکمل کرلیا جائے گا۔

وزیرخزانہ کو بھیجی جانے والی دستاویز میں لکھا گیا ہے کہ بیواؤں کے ہاؤس بلڈنگ قرضوں کی معافی کے لیے 80 کروڑ روپے سے زائد فنڈز مختص کیے گئے ہیں۔ ایچ بی ایف سی کی جانب سے بھی باقاعدہ طور پر وزارتِ خزانہ کو تحریری خط منظوری کے لیے بھیج دیا گیا ہے تاہم جواب موصول ہوتے ہی قرضے کی معافی کا عمل شروع کردیا جائے گا۔ دستاویز کی منظوری کے بعد قرضوں کی معافی اور بیواؤں سے متعلق مزید کارروائی عمل میں لائی جائے گی تاہم وزیرخزانہ کی جانب سے جواب نہ آنے تک بیواؤں کے خلاف قرضوں کی ادائیگی پر کوئی کارروائی عمل میں نہیں لائی گی اور حکومت کے جواب کے بعد ہی مزید اقدامات کیے جائیں گے۔

 

Share this article

Leave a comment