Friday, 29 November 2024


جامعہ کراچی کے دعوت نامہ پر املا کی غلطیاں

 

ایمز ٹی وی( تعلیم / کراچی) جامعہ کراچی کی مرکزی طعام گاہ کی تزئین و آرائش کی تقریب کے دعوت نامے میں املا کی سنگین غلطیاں پائی گئی ہیں اور اس دعوت نامے کو غلطیاں درست کئے بغیر ہی تقسیم کر دیا گیا۔ بدھ کو جامعہ کراچی میں ہونے والی افتتاحی تقریب میں وزیرتعلیم جام مہتاب ڈہر اور وائس چانسلر ڈاکٹر اجمل بھی موجود تھے جہاں شرکاء کے درمیان غلطیوں سے بھرا دعوت نامہ موضوع بحث رہا اور شرکاء یہ گفتگو کرتے رہے کہ جامعہ کراچی کا معیار تعلیم اتنا گر گیا ہے کہ اب علمی سرقے کے ساتھ ساتھ دعوت نامے بھی غلط چھپنے لگے ہیں اور انتظامیہ خاموش ہے۔

اس دعوت نامے میں کئی سنگین املا کی غلطیاں تھیں حتیٰ کہ فیکلٹی اور اسپیچ کی اسپیلنگ بھی غلط لکھی ہوئی تھی۔ ڈین آف سوشل سائنس ڈاکٹر مونس احمر نے بتایا کہ کنٹریکٹر نے فون پر میرا اور وائس چانسلر کا نام اور عہدہ معلوم کیا تھا جو بتا دیا گیا تھا۔ یہ دعوت نامہ جامعہ کراچی نے نہیں چھپوایا تھا بلکہ مرکزی طعام گاہ جس نے ٹھیکے پر لی اس نے اسے چھپوا یا۔

جب مجھے دعوت نامہ ملا تو میں نے تقریب سے ایک روز قبل کنٹریکٹر کو بتایا اور اسے غلطیاں دور کرنے کی ہدایت کی لیکن اس نے کہا کہ اب تو دیر ہوگئی اور اسے تقسیم کیا جا چکا ہے۔ ڈاکٹر مونس نے کہا کہ دعوت نامے پر مت جائیں بلکہ طعام گاہ کو دیکھیں بہت شاندار تزئین و آرائش کی گئی ہے۔

 

Share this article

Leave a comment