Friday, 29 November 2024


غیر معمولی کارکردگی دکھانے پر پاکستانی ڈاکٹرکے نام عبدالسلام ایوارڈ

 

ایمزٹی وی (تعلیم / کراچی) پاکستانی نوبل انعام یافتہ سائنسداں ڈاکٹر عبدالسلام کے نام پر ترائستے، اٹلی میں قائم عالمی مرکز برائے نظری طبیعیات ( آئی سی ٹی پی) نے فزکس کی پاکستانی ماہر ڈاکٹر عمرانہ اشرف زاہد کو اس سال ڈاکٹر عبدالسلام ایوارڈ دینے کا اعلان کیا ہے۔ آئی سی ٹی پی کی ویب سائٹ کے مطابق ہر سال تیسری دنیا میں سائنس اور فزکس کے شعبے میں غیرمعمولی کارکردگی دکھانے والے اسکالرز کو عبدالسلام ایوارڈ دیا جاتا ہے۔

اس ایوارڈ کا اعلان ہرسال 29 جنوری کو ڈاکٹر عبدالسلام کی سالگرہ پر کیا جاتا ہے۔ ڈاکٹرعمرانہ اشرف زاہد نے کوانٹم آپٹکس کے شعبے میں پی ایچ ڈی کیا ہے جبکہ اس وقت وہ قائدِاعظم یونیورسٹی اسلام آباد میں معاون پروفیسر ہیں۔ وہ باقاعدگی سے آئی سی ٹی پی کا دورہ کرتی رہتی ہیں جہاں وہ بین الاقوامی طلبا و طالبات کو لیکچر بھی دیتی ہیں۔ اس کے علاوہ وہ اٹامک آپٹکس کی ایک افریقی تنظیم ایل اے ایم کی بھی سرگرم رکن بھی ہیں اور مختلف ممالک کا دورہ کرتی رہتی ہیں۔ واضح رہے کہ ڈاکٹر عمرانہ پاکستان کی پہلی خاتون اسکالر ہیں جنہوں نے کوانٹم آپٹکس میں پی ایچ ڈی کیا ہے۔ آئی سی ٹی پی کی ویب سائٹ پر جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ ڈاکٹر عمرانہ کو 2017 کا ’’اسپرٹ آف عبدالسلام ایوارڈ ‘‘ عطا کیا جارہا ہے جس میں ایک سند اور 1000 یورو کی رقم شامل ہے۔ اس ایوارڈ کے کوآرڈنیٹر ڈاکٹر عبدالسلام کے بیٹے احمد سلام ہیں۔

 

Share this article

Leave a comment