ایمز ٹی وی(تجارت) متحدہ عرب امارات نے پاکستان سے پولٹری اور اس کی مصنوعات کی درآمد پر 8سال سے عائد پابندی ہٹالی ہے۔ اس بات کا اعلان وزارت تجارت نے متحدہ عرب امارات کی طرف سے پابندی ہٹائے جانے کے بارے میں باضابطہ طور پر مطلع کیے جانے کے بعد کیا ہے۔
جس کے تحت اب متحدہ عرب امارات کے ایکسپورٹ کے لیے محکمہ کی مصدقہ پاکستانی کمپنیاں انڈے اور مرغی کا گوشت متحدہ عرب امارات بھیج سکیں گی اور یہ گوشت یو اے ای کے مطلوبہ معیارات اور ہیلتھ سرٹیفکیٹ سے منسلک مذبح خانوں کا ہوگا، جو پاکستان سے متحدہ عرب امارات کے لیے درآمدہو سکے گا۔
وزیر تجارت خرم دستگیر خان نے کہا ہے کہ پاکستان برادر ملک متحدہ عرب امارات جیسے طویل تجارتی شراکت دار کی طرف سے پولٹری پر عائد پابندی اٹھانے کے اقدام کو سراہتا ہے۔
وزیر تجارت نے اس ضمن میں خارجہ امور بارے وزیراعظم کے مشیر سرتاج عزیز اور وزیر برائے نیشنل فوڈ سیکورٹی اینڈ ریسرچ سکندر حیات خان بوسن کے تعاون اورمتحدہ عرب امارات میں پاکستانی سفیر معظم احمد خان کی کوششوں کی بھی تعریف کی ہے۔
وزیر تجارت نے متحدہ عرب امارات کے پولٹری انسپکٹرز کے حالیہ دورہ اور پاکستان پولٹری ایسوسی ایشن کے پیشہ ورانہ تعاون کا بھی اعتراف کیاہے متحدہ عرب امارات پاکستان سے سالانہ70کروڑ ڈالرسے زائد کی پولٹری مصنوعات درآمد کرتا تھااور پاکستان کو8سال قبل پولٹری مصنوعات متحدہ عرب امارات بھیجنے سے روک دیا گیا تھا۔