Friday, 29 November 2024


شہباز شریف بتائیں اس نقصان کو کون پورا کرے گا،محمود الر شید

 

ایمز ٹی وی(لاہور) پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر میاں محمود الر شید کی زیر صدارت تحریک انصاف کی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس،
وزیر اعلیٰ شہباز شریف کی نا اہلی کیلئے عدالت سے رجوع کرنے کا فیصلہ، نا اہلی ریفرنس پر سپیکر کے جانبدارانہ رویے کیخلاف آئندہ اسمبلی اجلاس میں شدید احتجاج کیا جائیگا، اجلاس میں زیر تعمیر خان پور ہائیڈرو پاور پاور پراجیکٹ کے گرنے کی تحقیقات حاضر سروس جج سے کرانے کا بھی مطالبہ کیا گیا۔
پنجاب اسمبلی اپوزیشن چیمبر میں ہونے والے اجلاس میں ڈپٹی اپوزیشن لیڈر سبطین خان، احمد خان بچھڑ، ملک آصف محمود، شعیب صدیقی، ڈاکٹر نوشین حامد، سعدیہ سہیل، شنیلا روتھ ودیگر اراکین اسمبلی نے شرکت کی۔
اجلاس میں چارسدہ دھماکے کی مذمت اور قیمتی جانوں کے ضیاع پر اظہار افسوس کیا گیا، اس موقع پر شہدا کیلئے دعا اور قوم کو ایک اور بڑے سانحہ سے بچانے پر چار سدہ پولیس کو خراج تحسین پیش کیا گیا۔ پارلیمانی پارٹی اجلاس کے بعد احاطہ اسمبلی میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے میاں محمود الر شید نے کہا کہ سپیکر رانا اقبال نے اپنی نوکری بچانے اور حکمرانوں کی شاباش وصول کرنے کیلئے اپنے منصب سے نا انصافی کی اور اپنے حلف کی خلاف ورزی کرتے ہوئے پنجاب کے عوام کو مایوس کیا۔
انہوں نے کہا کہ ریفرنس عدالتی احکامات کی روشنی میں پنجاب اسمبلی میں دائر کیا گیا، واضح عدالتی فیصلے اور احکامات کے باوجود سپیکر اسمبلی کو ریفرنس مسترد کر نے کا کوئی جواز نہیں بنتا تھا، سپیکر نے سردار ایاز صادق کے نقش قدم پر چلتے ہوئے عوامی مفادات کے برعکس کام کیا۔ میاں محمود الر شید نے خان پور ہائیڈرو پاور پراجیکٹ نہر بدر ہو جانے کی تحقیقات حاضر سروس جج سے کرانے کا مطالبہ کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ پر شدید تنقید کی، انہوں نے کہا کہ خان پور ہائیڈرو پاور پراجیکٹ پر سوا دو ارب روپے سے زائد خرچ کیا گیا اور نہر میں پانی چھوڑتے ہی پلانٹ ساز و سامان اور مشینری سمیت بہہ گیا، قوم کے پیسے کو اپنی انا کی نذر کرنے والے شہباز شریف بتائیں اب اس نقصان کو کون پورا کرے گا، انہوں نے کہا کہ معاملے کی حاضر سروس جج سے تحقیقات کرائی جائیں۔

 

Share this article

Leave a comment