Friday, 29 November 2024


نئے وائس چانسلرکی تعیناتی کے لئے درخواست طلب

 

ایمزٹی وی(تعلیم)ملک کی پہلی قانون کی جامعہ شہید ذوالفقار علی بھٹو یونیورٹی آف لاء کراچی کے پہلے وائس چانسلر قاضی خالد ایڈوکیٹ کو توسیع دینے کے بجائے نیا وائس چانسلر مقرر کرنے کے لئے امیدواروں سے درخواستیں طلب کر لی گئی ہیں۔
درخواستیں طلب کرنے کا اشتہار تاخیر سے دینے کے باعث قاضی خالد اگلی مدت کے لئے وائس چانسلر کی دوڑ سے باہر ہو جائیں گے کیونکہ گزشتہ ماہ کے آخری عشرہ میں انہوں نے 65 ویں سالگرہ منائی ہے اور اشتہار کے مطابق درخواست دیتے وقت امیدوار کی عمر 65 سال سے زائد نہیں ہونی چاہئے، اس طرح قاضی خالد اگلی مدت کے لئے درخواست بھی نہیں دے سکیں گے۔
حال ہی میں انہوں نے 9 جامعات کے ساتھ کنسوریشم بھی قائم کیا تھا اورگزشتہ ہفتے انھیں 9 جامعات کے کنسورشیم کا دو سال کے لئے چیرمین بھی مقرر کردیا گیا تھا جس کا نوٹفیکشن بھی جاری کردیا گیا تھا۔
یاد رہے کہ جامعہ این ای ڈی، دائود انجینئرنگ یونیورسٹی اور لاء یونیورسٹی تینوں جامعات کے وائس چانسلر کی چار سالہ مدت رواں سال بالترتیب 17 مارچ، 18 مارچ اور 19 مارچ کو ختم ہو رہی تھی لیکن جنوری میں صرف این ای ڈی کے وائس چانسلر کے عہدے کے لئے اشتہار دیا گیا جبکہ تینوں جامعات کا ایک ساتھ اشتہار دیا جانا چاہئے تھا مگر 6 مارچ کو لاء یونیورسٹی کے وائس چانسلر کے لئے اشتہار دیا گیا جب کہ دائود یونیورسٹی کے وائس چانسلر کے لئے تاحال اشتہار نہیں دیا گیا ہے۔
اگر جنوری میں لاء یونیورسٹی کا اشتہار این ای ڈی کے ساتھ دے دیا جاتا تو قاضی خالد بھی اگلی مدت کے لئے درخواست دینے کے اہل ہو جاتے۔ ’’جنگ‘‘ نے قائم مقام سیکریٹری بورڈز نوید شیخ کو فون اور ایس ایم ایس کیا مگر ان کا جواب نہیں آیا۔ ایڈیشنل سیکریٹری بورڈ و جامعات حفیظ عمرانی کا موبائل فون خاتون نے اٹھایا اور کہا کہ باہر گئے ہوئے ہیں موبائل ساتھ نہیں لے گئے۔

 

Share this article

Leave a comment