Friday, 29 November 2024


ترقی کے منصوبے کی مفاہمتی یادداشت پر دستخط

 

ایمز ٹی وی ( تجارت) پاکستان اسٹون ڈویلپمنٹ کمپنی (پاسڈیک) آزاد کشمیر میں ماربل اور گرینائٹ کی ترقی کے منصوبے قائم کرے گی۔ اس سلسلے میں پاسڈیک اور آزاد کشمیر منرل اینڈ انڈسٹریل ڈویلپمنٹ کارپوریشن(اے کے ایم آئی ڈی) کے درمیان مفاہمت کی ایک یادداشت پر دستخط کئے گئے ۔ اس موقع پر وزیراعظم آزاد کشمیر راجہ فاروق حیدر اور چیئرمین پاسڈیک بورڈ آف ڈائریکٹرز آغا شاہد این خان بھی موجود تھے۔

مفاہمت کی یادداشت پر چیف ایگزیکٹو آفیسر پاسڈیک زاہد مقصود شیخ اور سیکرٹری انڈسٹریز، لیبر اینڈ منرل ریسورسز آزاد کشمیر نے دستخط کئے۔ آزاد کشمیر میں ماربل اور گرینائٹ کے وسیع ذخائر موجود ہیں ، حکومت ان ذخائر کو جدید میکنائزڈ کوائرنگ کے ذریعے استعمال میں لانا چاہتی ہے۔ تاکہ اس شعبہ کی ترقی سے فوائد حاصل کئے جاسکیں۔ چیف ایگزیکٹو آفیسر پاسڈیک زاہد مقصود شیخ نے سیکٹر کی ترقی کے منصوبوں پر تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ پاسڈیک آزاد کشمیر میں پائے جانے والے اعلیٰ معیار کے حامل ڈائمنشنل اسٹون کے ذخائر کی ترقی کیلئے حکومت آزاد کشمیر کے ساتھ کام کرنا چاہتی ہے۔

مفاہمت کی یادداشت کے تحت پاسڈیک حکومت آزاد جموں و کشمیر کو میکنائزڈ کوائریز قائم کرنے سمیت سیکٹر کی ترقی کیلئے منصوبہ بندی، پروسیسنگ سہولیات، پیشہ وارانہ ہنر کی ترقی اور انڈسٹریل اسٹیٹس کے قیام کے سلسلے میں ضروری تیکنیکی مدد فراہم کرے گی۔ وزیر اعظم آزاد کشمیر راجہ فاروق حیدر نے آزاد کشمیر کے ماربل اور گرینائٹ سیکٹر کی ترقی کیلئے پاسڈیک کی کوششوں اور اقدامات کو سراہتے ہوئے یقین دلایا کہ حکومت کشمیری عوام اور ملک کے مفاد کیلئے تمام ضروری مدد فراہم کرے گی۔

 

Share this article

Leave a comment