Friday, 29 November 2024


کاروباری لحاظ سے پاکستان یواے ای کا بڑا بزنس پارٹنر

 

ایمز ٹی وی (تجارت)اسپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج درانی نے پاکستان باالخصوص کراچی کو منافع بخش اور محفوظ سرمایہ کاری کے لیے پرکشش قرار دیا ہے اور غیرملکی سرمایہ کاروں کو یہاں کاروبار کرنے کے لیے سندھ حکومت کی جانب سے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کروائی ہے۔ متحدہ عرب امارات کے تجارتی گروپ کے سربراہ اور الزرعونی فاؤنڈیشن کے چیئر مین سہیل محمد الرزعونی کے کراچی میں واقع پیلس میں باہمی تجارتی امور اور دوستانہ تعلقات پر تبادلہ خیال کرتے ہوئے آغا سراج درانی نے کہاکہ یواے ای اور پاکستان کے دیرینہ برادرانہ تعلقات ہیں اور دونوں ممالک کئی دہائیوں سے شاندار تعلقات سے لطف اندوز ہو رہے ہیں۔ کاروباری لحاظ سے پاکستان یواے ای کا ایک بڑا بزنس پارٹنر ہے ۔

کئی پاکستانی کمپنیاں کامیابی کے ساتھ وہاں اپنا کاروبار جاری رکھے ہوئے ہیں جبکہ سیکڑوں پاکستانی ورکرز اماراتی معیشت کی ترقی میں اپنا بھرپور کردار ادا کررہے ہیں۔ متحدہ عرب امارات کے بزنس گروپ کے سربراہ اور الزرعونی فاؤنڈیشن کے چیئر مین سہیل محمد الرزعونی نے اسپیکر سندھ اسمبلی کی جانب سے یواے ای کے لیے نیک جذبات کے اظہار پر اماراتی تاجر برادری کی طرف سے بھی اسی قسم کے جذبات کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان اماراتی تاجروں کا دوسرا گھر ہے۔بیشتر تاجراور وفود مستقل بنیادوں پر پاکستان کا دورہ کرتے ہیں اور خاص طور پراپنی فیملیز کے ہمراہ کراچی میں سیروتفریح کے لیے آتے ہیں جوکہ دونوں ممالک کے درمیان محبت اور بھائی چارگی کی روشن مثال ہے۔

انہوں نے کہاکہ متحدہ عرب امارات نے ہر مشکل وقت میں پاکستان کا ساتھ دیا اور بے روزگاری کے خاتمے میں بھی بھرپور تعاون کیا۔ انہوں نے کہاکہ پاکستانی ورکرز بڑی تعداد یواے ای میں باعزت روزگار کے ذریعے کثیر زرمبادلہ وطن بھیج رہے ہیں اور اپنے خاندان کی باعزت طریقے سے کفالت کررہے ہیں۔ سہیل محمد الرزعونی نے کہاکہ اس بات میں کوئی شک نہیں کہ سرمایہ کاری کے لحاظ سے پاکستان ایک پرکشش ملک ہے جبکہ کراچی کاروباری و سرمایہ کاری کے لحاظ سے دنیا کے بہترین ممالک کی صف میں شامل ہے تاہم سرمایہ کاروں کو یہاں راغب کرنے کے لیے اُن کے سرمائے کو محفوظ بنانے کے مزید مؤثر اقدامات کی ضرورت ہے خصوصاً امن وامان کی صورتحال میں مزید بہتری لانی ہوگی تاکہ اماراتی تاجر بلاخوف وخطر پاکستان کا دورہ کرسکیں گے۔ انہوں نے سندھ حکومت کے تعاون کو سراہتے ہوئے کہاکہ یواے ای کے تاجر سندھ حکومت کے تعاون کو سراہتے ہیں اور امید کرتے ہیں کہ آئندہ بھی تعاون کا یہ عمل جاری رہے گا۔

 

 

Share this article

Leave a comment