Friday, 29 November 2024


شہر قائد میں پیٹرولیم مصنوعات کا بحران صارفین مشکلات کا شکار

 

ایمز ٹی وی ( تجارت ) شہر قائد میں پیٹرولیم مصنوعات کا بحران پیدا ہوگیا ہے ، کئی علاقوں میں پیٹرول کی قلت کی وجہ سے صارفین کومشکلات کا سامنا ہے۔ سیلزٹیکس کیخلاف آئل ٹینکرز ایسوسی ایشن کی ہڑتال جاری ہے، شہر کے پیٹرول پمپس کو تین روزسے سپلائی بند ہے، جس کے باعث بیشتر پمپس پر پٹرول اور ڈیزل ناپید ہوگیا اور پٹرول اورڈیزل کی فراہمی نہ ہونے سے پمپس بند ہورہے ہیں۔ چیرمین پٹرولیم ڈیلرزایسوسی ایشن سمیع خان کا کہنا ہے کہ 10 سے 20 فیصد پمپس سے قلت کی شکایات ملی ہیں تاہم شہرکے 75فیصد پمپس پر پٹرول اور ڈیزل دستیاب ہے، کچھ پٹرول پمپس پر ذخیرہ ختم ہوگیا ہے، پی ایس او کے پمپس پر پٹرول وافر مقدار میں موجود ہے ، اندرون سندھ صورتحال نارمل ہے جب کہ عوام کو ہدایت کی پٹرول کی غیرضروری خریداری سےگریز کیا جائے۔ ترجمان آئل ٹینکرایسوسی ایشن اسرارشنواری نے خدمات پر سیلز ٹیکس کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ ٹیکس واپس لینے تک پیٹرولیم مصنوعات کی سپلائی بند رہے گی، صوبائی حکومت سیلزٹیکس فوری واپس لے،انتظامیہ سے کوئی رابطہ نہیں کیا۔ دوسری جانب پی ایس او حکام نے کہا ہے کہ چند پیٹرول پمپس پر پیٹرول اور ڈیزل ختم ہوا ہے، سیلز ٹیکس ختم کرنے کے مطالبے پر غور کیا جائے گا۔ دوسری جانب آئل ٹینکرز کنٹریکٹرز ایسوسی ایشن کو وزارت پٹرولیم نے مذاکرات کیلئے طلب کرلیا ہے۔ یاد رہے کہ تین روز قبل آئل ٹینکرز کنٹریکٹرز نے ملک بھر میں پیٹرولیم مصنوعات کی سپلائی روک دی تھی، چیئرمین آئل ٹینکرزکنٹریکٹرز نے خبردار کیا ہے کہ حکومت خدمات پرسیلز ٹیکس واپس لے، سیلزٹیکس واپس نہ لیا تو پاور پلانٹس کو سپلائی بند کردیں گے۔ انہوں نے بتایا کہ یکم اپریل سے ملک بھر اور پاور پلانٹس کو فرنس آئل اور پیٹرولیم مصنوعات کی فراہمی بند کر دی جائے گی، خدمات پر سولہ فیصد ٹیکس کا خاتمہ نہیں کیا گیا تو غیر معینہ مدت کی ہڑتال کی کال دیں گے، حکومت ناجائز طور پر ٹرانسپورٹرز پر عائد کردہ نئے اور پرانے ٹیکس فوری طور پر ختم کرنے کا اعلان کرے۔

 

Share this article

Leave a comment