ایمز ٹی وی(انٹرٹینمنٹ) خیبر پختونخوا کے دارالحکومت پر بنائی جانے والی پہلی انٹرنیشنل فلم 'پروجیکٹ پشاور' جلد ریلیز کردی جائے گی۔
طویل عرصے سے دہشت گردی کی لپیٹ میں رہنے والے پشاور کی صورتحال سیکیورٹی کے اعلیٰ انتظامات کے باعث بہتر ہورہی ہے جبکہ فلم ساز اس فلم کو پشاور کے لیے ایک نئی امید مانتے ہیں۔
یہ فلم امریکا، برطانیہ، کینیڈا اور ہالینڈ میں ریلیز کی جائے گی۔
فلم کے ہدایت کار یرشو بنگش کا اس حوالے سے کہنا تھا کہ 'اس فلم کی کہانی برطانیہ سے تعلق رکھنے والے ایک نوجوان پر مبنی ہے جو پشاور کی ایک لڑکی سے انٹرنیٹ پر محبت کرنے لگتا ہے، تاہم پشاور پہنچ کر اسے اندازہ ہوتا ہے کہ یہ اسے اغوا کرنے کا جھانسا تھا'۔
فلم کی شوٹنگ پشاور، برطانیہ اور کینیڈا میں کی گئی، جسے انگریزی، اردو، پشتو اور ڈچ زبان میں ریلیز کیا جائے گا۔
پشاور جسے ایک وقت میں پختون سینما کی بنیاد مانا جاتا تھا طویل عرصے سے عسکریت پسندوں کے خلاف جاری جنگ کا نقصان اٹھا رہا ہے۔
2014 میں پشاور کے آرمی اسکول پر طالبان کی جانب سے کیا گیا حملہ مہلک ترین حملہ تھا جس کے نتیجے میں 150 سے زائد لوگ شہید ہوئے تھے جن میں اسکول کے بچے بھی شامل ہیں۔
جس کے بعد اس شہر میں آرمی کی جانب سے سخت آپریشن کا آغاز ہوا۔
تاہم پشاور میں سیکیورٹی کے بہتر صورتحال کے باعث اب ایک مرتبہ پھر اس کا سینما آباد ہورہاہے۔
ہدایت کار کے مطابق اس فلم کا ریڈ کارپٹ پشاور میں فلم کی ریلیز سے قبل منعقد کیا جائے گا، جس میں تقریباً دو ماہ درکار ہیں۔