Saturday, 30 November 2024


سی پیک کے بعد پاک چین تعلقات نئی بلندیوں کو چھو رہے ہیں،شہباز شریف

 

ایمز ٹی وی(لاہور)وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے کہا ہے کہ سی پیک کا ڈنکا پوری دنیا میں بج رہا ہے،ملک میں بے پناہ سرمایہ کاری ہوگی ۔
سی پیک میں دنیا کے دیگر ممالک بھی دلچسپی لے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب میں تعلیم، صحت، ٹرانسپورٹ اور دیگر شعبوں میں اربوں ڈالر کی سرمایہ کاری کی گئی ہے جبکہ جنوبی پنجاب کے پرائمری اسکولوں میں فوڈ پروگرام شروع کرنے کی منظوری دی گئی ہے ۔
اربوں روپے کی سرمایہ کاری سے ان شعبوں کا مضبوط انفراسٹرکچر بنایاگیا ہے اورمستقبل میں سماجی شعبوں میں سرمایہ کاری میں بے پناہ اضافہ ہوگا۔ شہباز شریف نے ان خیالات کا اظہار گزشتہ روز چین سے تعلق رکھنے والے وفد کی ان سے ملاقات کے موقع پر کیا۔
چینی وفد کی قیادت ڈیگانگ کمپنی کے چیئرمین گوآن جیان زونگ کر رہے تھے۔ چین کے قونصل جنرل لانگ ڈنگ بن، صوبائی وزیر خزانہ ڈاکٹر عائشہ غوث پاشا، چیئرمین منصوبہ بندی و ترقیات، متعلقہ محکموں کے سیکرٹریز اور اعلیٰ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔
شہباز شریف نے مزید کہا کہ چینی کمپنی کا انفراسٹرکچر فنانسنگ کے حوالے سے تعاون پر آمادگی کا اظہار خوش آئند ہے۔
چینی کمپنی کی مہارت اور تجربے سے استفادہ کریں گے۔
مینجمنٹ کریڈٹ ریٹنگ کے نئے نظام کو وضع کرنے کیلئے تعاون بڑھایا جائے گا۔
ملاقات میں پنجاب حکومت اور چینی کمپنی کا مشترکہ ورکنگ گروپ تشکیل دینے کا فیصلہ کیا گیا۔
ورکنگ گروپ تعاون کو فروغ دینے کے حوالے سے حتمی سفارشات تیار کرے گا۔
چین کے قونصل جنرل لانگ ڈنگ بن نے کہا کہ وزیراعلیٰ شہبازشریف نے پنجاب میں سی پیک کے منصوبوں کو انتہائی تیزی سے آگے بڑھایا ہے۔
انہو ں نے کہا کہ شہبازشریف انتہائی تیزی سے کام کرکے نتائج حاصل کرتے ہیں اور ان کے کام کرنے کی رفتار انتہائی تیز ہے۔
شہبازشریف سے گزشتہ روزچین کے معروف صنعتی شہر تیان جن سے تعلق رکھنے والے اعلیٰ سطح کے وفدنے ملاقات کی۔
ملاقات کے دوران پنجاب حکومت اور معروف چینی صنعتی شہر تیان جن کے مابین ٹیکسٹائل، گارمنٹس ، اسکل ڈویلپمنٹ اور دیگر صنعتی سیکٹرز میں تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
شہباز شریف نے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سی پیک کے بعد پاک چین تعلقات نئی بلندیوں کو چھو رہے ہیں۔
چین دنیا کی دوسری معاشی طاقت بن چکا ہے ۔ چین نے اپنی عظیم قیادت میں ترقی کا سفر تیزی سے طے کیا ہے اور چین کی تیز رفتار ترقی اقوام عالم کیلئے رول ماڈل ہے۔
تیان جن پیپلز ایسوسی ایشن فار فرینڈشپ ود فارن کنٹریز کے نائب صدر چن ویمنگ نے کہا کہ پنجاب حکومت کے ساتھ ٹیکسٹائل، گارمنٹس اور سکل ڈویلپمنٹ کے شعبوں میں ہرممکن معاونت کریں گے۔
شہباز شریف کی زیر صدار ت گزشتہ روزاجلاس منعقد ہوا ،جس میں علامہ اقبال انٹرنیشنل ائیرپورٹ کے توسیعی منصوبے کے حوالے سے مختلف تجاویز اور امور کا جائزہ لیاگیا۔
اجلاس میں ائیرپورٹ کے توسیعی منصوبے کیلئے پی ایچ اے کی اراضی پر گاڑیوں کی پارکنگ کے ڈیزائن پر اتفاق کیا اورتوسیعی منصوبے پر کام کے آغاز کی اصولی منظوری دے دی گئی ۔شہبازشریف نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ روڈ انفراسٹرکچر ،گرین بیلٹ کی بحالی ، ہارٹیکلچر اوردیگر امور کے حوالے سے سول ایوی ایشن کیساتھ باقاعدہ معاہدہ کیا جائیگا۔
انہوں نے کہاکہ پنجاب حکومت نے دور دراز کے اسکولوں میں بچوں کو فری ٹرانسپورٹ کی فراہمی کا بھی پروگرام بنایاہے-
انہوں نے کہاکہ پنجاب حکومت کے فروغ تعلیم کے لئے اقدامات بارآور ثابت ہوئے ہیں اورتعلیمی اداروں میں اساتذہ اور طلبا ء کی حاضری میں نمایاں بہتری آئی ہے جبکہ حکومتی اقدامات کے باعث لاکھوں نئے بچے سکولوںمیں آئے ہیں-انہوں نے کہاکہ پنجاب ایجوکیشن فائونڈیشن کے نیو سکول پروگرام کے تحت2018ء تک 2700مزید اسکول شامل کئے جائیں گے اورووچر اسکیم کے تحت2018ء تک اڑھائی لاکھ مزید بچے مستفید ہوں گے-
شہبازشریف نے مزید کہا ہے کہ نوبل انعام یافتہ پاکستانی طالبہ ملالہ یوسف زئی پاکستان کا قابل فخر اثاثہ ہے اور کینیڈا کی پارلیمنٹ سے خطاب اورکینیڈا کی اعزازی شہریت ملنا ملالہ یوسف زئی کیلئے ایک اور اعزاز ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہم سب بیساکھی کے تہوار پر سکھ برادری کی خوشیوں میں برابر کے شریک ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان ہم سب کا ہے اوراسے ہم نے ملکر مضبوط اور عظیم بنانا ہے ۔

 

 

Share this article

Leave a comment