Saturday, 30 November 2024


شاہین نئی امیدوں کے ساتھ پروٹینز کے خلاف میدان میں اتریں گے

 

ایمزٹی وی (اسپورٹس)چیمپئنز ٹرافی میں بھارت کے خلاف بدترین شکست کے بعد بکھری ہوئی پاکستانی ٹیم آج جنوبی افریقہ سے میچ میں ایک بار پھر قدموں پر کھڑا ہونے کی کوشش کرے گی۔
پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان چیمپئنزٹرافی کا ڈے اینڈ نائٹ میچ آج ایجبسٹن برمنگھم میں کھیلا جائے گا، پاکستان ٹیم کو پہلے میچ میں بھارت نے ڈی ایل میتھڈ پر124 رنز سے شکست دی تھی، جس سے کھلاڑیوں کا مورال بالکل ڈاؤن ہو چکا ہے، بکھری ہوئی ٹیم کو دوبارہ قدموں پر کھڑا کرنے کیلیے گزشتہ روز کوچ مکی آرتھر اور کپتان سرفراز احمد نے خصوصی لیکچر دیا، اس موقع پر انھوں نے کہا کہ بھارت کیخلاف میچ میں جو ہوا اسے بھول کر مثبت سوچ اپنائیں، جنوبی افریقہ کیخلاف پرانی غلطیاں نہ دہرائیں خصوصاً فیلڈنگ میں بہتر پرفارم کرنا ہوگا، میچ میں پاکستانی ٹیم میں 2 تبدیلیاں یقینی ہیں جب کہ شاداب اور فہیم اشرف کا فیصلہ صورتحال دیکھ کر کیا جائیگا۔
کپتان سرفراز احمد نے پریس کانفرنس میں تصدیق کی کہ احمد شہزاد کی جگہ فخرزمان، اظہر علی کے ساتھ اننگز کا آغاز کریں گے، وہاب ریاض اگر انجرڈ ہوکر باہر نہ ہوتے تو گزشتہ میچ میں ریکارڈ 87 رنز کی پٹائی برداشت کرنے کے بعد شاید ہی انھیں چانس ملتا، ان کی جگہ اب جنید خان میدان سنبھالیں گے، محمد عامر بھارت سے میچ میں انجری کا شکار ہوئے تھے، وہ مکمل فٹ اور مقابلے میں حصہ لیں گے، گزشتہ روز برمنگھم میں بارش ہوتی رہی جس کی وجہ سے پاکستانی ٹیم کو انڈور پریکٹس پر اکتفا کرنا پڑا، بیٹسمینوں اور بولرز نے اپنی صلاحیتیں نکھارئیں، البتہ فیلڈنگ کی مشق کا موقع نہ مل سکا، شاداب خان نے بھارت سے میچ میں حصہ لیا تھا تاہم پروٹیز کیخلاف انھیں کھلانے کا فیصلہ بدھ کو کنڈیشنز کا جائزہ لینے کے بعد متوقع ہے، اگر پیسرکو ترجیح دی گئی تو فہیم اشرف کو انٹرنیشنل ڈیبیو کا موقع مل سکتا ہے،دوسری جانب سری لنکا کو افتتاحی میچ میں 96 رنز سے ہرانے والے پروٹیز کے حوصلے آسمان کی بلندیوں کو چھو رہے ہیں، گوکہ کپتان اے بی ڈی ویلیئرز کا بیٹ خاموش رہا مگر ہاشم آملا نے سنچری بنا کر حریفوں کیلیے خطرے کی گھنٹی بجا دی ہے۔
فاف ڈوپلیسی بھی 75رنز بنا کر عزائم ظاہرکر چکے،پروٹیزکو بیٹنگ میں ڈی کک، ڈیوڈ ملر اور دیگر کی خدمات بھی حاصل ہیں، آل راؤنڈرز سے سجی ٹیم کے لیگ اسپنر عمران طاہر چار وکٹیں لے کر ظاہر کر چکے کہ انگلش کنڈیشنز میں بھی سلو بولرز کامیابیاں سمیٹ سکتے ہیں،کاگیسو ربادا اور وین پارنیل کا رائٹ اور لیفٹ آرم پیس اٹیک بھی پاکستانی بیٹسمینوں کو مشکلات کا شکار کرنے کا اہل ہے، چیمپئنز ٹرافی سے قبل پروٹیز کو میزبان انگلینڈ نے ون ڈے سیریز میں 1-2 سے شکست دی تھی،اس میں مہمان ٹیم کی غطیوں کا زیادہ عمل دخل تھا، دوسرے ون ڈے میں جیتی بازی ہاتھ سے نکل گئی تھی،جنوبی افریقہ کی کوشش ہے کہ کامیابی سمیٹ کر سیمی فائنل میں جگہ پکی کی جائے۔
پاکستان اور جنوبی افریقہ کی ٹیمیں آخری بار7مارچ 2015کو ورلڈکپ میچ میں مدمقابل آئی تھیں جس میں پاکستان نے ڈی ایل میتھڈ پر29 رنز سے فتح سمیٹی تھی،موجودہ کپتان سرفراز احمد نے بطور اوپنر 49 رنز کی عمدہ اننگز کھیل کر فتح کی بنیاد رکھی، اب ٹیم کو ان سے ایک بار پھر ویسی ہی کارکردگی کی ضرورت ہوگی، ساتھ انھیں بطور کپتان پہلے میچ کی غلطیوں سے گریز کرنا ہوگا، بھارت کیخلاف گرین شرٹس نے فیلڈنگ میں بھی ناقص کھیل پیش کرتے ہوئے 2 کیچز ڈراپ کیے تھے، ساتھ بیٹنگ اور بولنگ میں بھی سب نے مایوس کیا، اب پروٹیز پر فتح کیلیے ٹیم ورک کی ضرورت ہوگی۔

 

Share this article

Leave a comment